شارجہ: ایرون فنچ کی شاندار سنچری، آسٹریلیا نے پاکستان کو باآسانی آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی

ایرون فنچ

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشنایرون فنچ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سنچری 97 گیندوں پر مکمل کی

شارجہ میں کھیلے جا رہے دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو باآسانی آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی اور سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 285 رنز کا ہدف دیا تھا۔ آسٹریلیا نے مقررہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 48ویں اوور میں پورا کرلیا۔

ایرون فنچ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں جانب دلکش سٹروکس کھیلے اوراپنی سنچری 97 گیندوں پر مکمل کی۔ ایرون فنچ نے 155 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر آسٹریلیا کی جیت یقینی بنائی اور مین آف دا میچ قرار پائے۔

عثمان خواجہ نے بھی 60 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 88 رنز کی اعلی اننگ کھیلی اور انھیں یاسر شاہ نے آؤٹ کیا۔

آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی گلین میکسویل تھے جو 19 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

عثمان خواجہ اور ایرون فنچ

،تصویر کا ذریعہAFP

پاکستان نے اپنے مققرہ 50 اوورز میں 284 رنز بنائے اور ان کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ عماد وسیم نے آخری اوورز میں 10 گیندوں پر 19 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی اور پاکستان کا سکور 284 تک پہنچانے میں مدد کی۔

محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک روزہ میچوں میں اپنے پہلی سنچری 114 گیندوں پر مکمل کی اور 115 رنز بنانے کے بعد نیتھن کولٹر نائل کی گیند پر گلین میکسویل کے عمدہ کیچ کی بدولت آؤٹ ہوگئے۔

شعیب ملک نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 53 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 60 رنز بنا کر ایڈم زیمپا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے کپتان شعیب ملک کا ٹاس جیتنے کے بعد کہنا تھا کہ محمد عامر کی جگہ محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو آج اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیلیں گے۔

محمد رضوان

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمد رضوان نے اپنی سنچری 114 گیندوں میں مکمل کی

پاکستان کی اننگز

امام الحق بغیر کوئی سکور بنائے جے رچرڈسن کی گیند پر پہلے ہی اوور میں بولڈ ہوگئے۔ شان مسعود بھی جے رچرڈسن کی بولنگ کا نشانہ بنے اور 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ جے رچرڈسن فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے اور ممکنہ طور پر کندھےکی چوٹ کے باعث اس میچ میں مزید حصہ نہیں لے پائیں گے۔

ایرون فنچ کی گیند پر تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حارث سہیل تھے جنھوں نے 34 رنز بنائے۔ عمر اکمل آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے جو نیتھن لائن کی گیند پر 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف آؤٹ ہونے والے ساتویں کھلاڑی تھے جو 14 رنز بنا کر کولٹر نائل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

محمد حسنین

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشنمحمد حسنین آج اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیلیں گے

دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

شارجہ میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 281 رنز کا ہدف دیا جو آسٹریلیا نے 49 اوور میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

میچ کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ علامیے کے مطابق فہیم اشرف موجودہ سیریز میں مزید حصہ نہیں لیں گے اور انھیں ٹیم مینیجمنٹ سے مشاورت کے بعد آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

آج کے ایک روزہ میچ کے بعد وہ پاکستان روانہ ہوجائیں گے اور بی سی بی نے اس بنیاد پر کہ موجودہ سکواڈ میں پانچ فاسٹ بولرز پہلے ہی موجود ہیں ان کا متبادل نامزد نہیں کیا۔

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام

دوسرے ون ڈے کے لیے آسٹریلوی ٹیم: کپتان ایرون فنچ، عثمان خواجہ،پیٹر ہینڈس کومب، شان مارش، مارکس اسٹونس، گلین میکسویل، جے رچرڈسن، نیتھن لائن، ایلیکس کیری، ایڈم زامپا اور نیتھن کولٹر نیل پر مشتمل ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کریں گے جب کہ قومی ٹیم میں امام الحق، شان مسعود، عمر اکمل، حارث سہیل، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد رضوان، محمد حسنین، محمد عباس اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

اس سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان سرفراز احمد کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ان میچوں کے لیے قیادت کی ذمہ داری شعیب ملک کو سونپی گئی ہے۔

سرفراز احمد کے علاوہ دیگر پانچ کھلاڑیوں فخرزمان، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کو بھی آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ون ڈے ٹیم میں جو کھلاڑی پہلی بار منتخب کیے گئے ہیں ان میں محمد عباس، عابد علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔