پی ایس ایل: پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے دی

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

جمعے کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل کے 21ویں میچ میں زلمی نے یونائیٹڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا تھا۔

زلمی کے لییم ڈوسن نے سنسنی خیز مقابلے میں آخری گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلوائی۔ ڈوسن 35 گیندوں پر 52رنز کی شاندار اننگ کھیل کر ناقابل شکست رہے۔ انھیں مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔

اس سے پہلے ڈیرن سیمی آخری اوور میں میچ کے دلچسپ لمحات میں رن آؤٹ ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے!

جبکہ کیرون پولارڈ ایک رن بنا کر ظفر گوہر کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے عمر امین چھ رنز بنا کرفہیم اشرف کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔

امام الحق دس گیندوں پر 15 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار ہوئے۔ اینڈرے فلیچر بھی 21 رنز بنا کر شہداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس سے پہلے کامران اکمل 19 رنز بنا کر ظفر گوہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز

آخری اوور میں اسلام آباد کے تین کھلاڑی محمد سمیع، ظفر گوہر اور ناصر نواز رن آؤٹ ہوئے۔ جبکہ وہاب ریاض نے شاداب خان کو بولڈ کیا۔

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

فہیم اشرف نو رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ یونائیٹڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی آصف علی تھے جنھیں عمید آصف نے 23 رنز پر آؤٹ کیا۔

کیمرون ڈیلپورٹ نے وکٹ کے چاروں جانب دلکش سٹروک کھیلتے ہوئے 55 گیندوں پر 71 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی اور حسن علی کا شکار ہوئے۔

اسلام آباد کے چاڈوک والٹن 22 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ فل سالٹ ابتسام شیخ کی بال پر آؤٹ ہوئے۔ فلیچر نے باؤنڈری پر ان کا شاندار کیچ پکڑا۔

اس سے پہلے اوپنر لیوک رونکی بھی پشاور کے ابتسام کی گیند پر نو رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

جمعے کو کھیلے جانے والے میچ سے قبل یہ دونوں ٹیمیں 22 فروری کو ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے نو وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے پشاور زلمی کو شکست دی تھی۔

یہ دونوں ٹیمیں اپنے گذشتہ میچز میں اپنے اپنے حریفوں کو شکست دے چکی ہیں۔

پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو دیے گئے 173 رنز کے ہدف کا تین وکٹوں کے نقصان پر کامیاب تعاقب کیا تھا۔ جبکہ یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 169 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے اس سیزن میں اب تک کُل چھ میچ کھیلے ہیں جن میں سے انھوں نے چار میچ جیتے ہیں۔ وہ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔

پی ایس ایل
،تصویر کا کیپشنپشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک سات میں سے چار میچ جیتے ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر آٹھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کپتان محمد سمیع، لیوک رونکی، کیمرون ڈیلپورٹ، ظفر گوہر، آصف علی، ناصر نواز، شاداب خان، فہیم اشرف، چاڈوک والٹن، فل سالٹ اور رومان رئیس شامل ہیں۔

جبکہ پشاور زلمی کپتان ڈیرن سیمی، کامران اکمل، امام الحق، عمر امین، اینڈرے فلیچر، کیرون پولارڈ، لییم ڈوسن، ابتسام شیخ، وہاب ریاض، حسن علی، اور عمید آصف پر مشتمل ہے۔