جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پاکستان کو ٹی 20 مقابلوں میں لگاتار دوسری شکست

جوہانسبرگ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سات رنز سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

یہ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کی لگاتار دوسری شکست ہے۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو چھ رنز سے ہرایا تھا۔

جنوبی افریقہ کا پاکستان کرکٹ ٹیم کا موجودہ دورہ جس کا اب صرف ایک میچ باقی رہ گیا ناکامی کی ایک طویل داستان بن گیا ہے۔

تین ٹیسٹ میچوں میں وائٹ واش کے بعد پانچ میں سے صرف دو ایک روزہ میچوں میں کامیابی، کپتان سرفراز پر چار میچوں کی پابندی کے بعد ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سریز میں بھی شکست۔ ناکامی کی یہ داستان پاکستان میں شائقین کرکٹ کے لیے یقیناً کافی تکلیف دہ ثابت ہو گی۔

لندن میں کرکٹ ورلڈ کپ 2019 سے قبل یہ دورہ اس بڑے ٹورنامنٹ کی تیاری کے لحاظ سے اہم سمجھا جا رہا تھا لیکن اس میں ناکامی در ناکامی کے بعد ٹیم کا حوصلہ اور اعتماد کس سطح پر ہیں اس کا فیصلہ وقت ہی کرے گا۔

اتوار کو کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے 188 رنز بنائِے اور یوں پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 189 رنز کا ہدف ملا تھا۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز انتہائی شاندار رہا اور 15 اوورز تک ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ یہ میچ پاکستان باآسانی جیت جائے گا۔

بابر اعظم اور حسین طلعت نے بڑی اچھی شرح سے رنز بنائے اور پاکستان کی طرف سے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسری وکٹ کی شراکت میں سو سے زیادہ رن سکور کیے۔

بابر اعظم اور طلعت اپنی بہترین کارکردگی کے باوجود پاکستان کو جیت سے ہمکنار نہ کر سکے اور ایسے وقت میں آؤٹ ہوئے جب ٹیم کو ان کی وکٹ پر کھڑے رہنے کی اشد ضرورت تھی۔

بابر نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 گیندوں پر 90 جبکہ حسن طلعت نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر نے اپنی اننگز کے دوران چار مرتبہ چوکوں کی ہیٹ ٹرک کی یعنی ایک اوور میں لگاتار تین چوکے لگائے۔

ان کے پویلین لوٹنے کے بعد پاکستان کی وکٹیں گرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا وہ پاکستان کی ہار پر ہی جا کر رکا۔ سکور کے دباؤ کے باعث بعد کے آنے والے کھلاڑی اس رفتار کو برقرار نہ رکھ پائے اور تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں آؤٹ ہوتے رہے۔

جنوبی افریقہ کی اننگز

قبل ازیں جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائےتھے ۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈیویڈ ملر سب سے کامیاب بلے باز ثابت ہوئے۔

انھوں نے 29 گیندوں پر 65 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی ناقابل شکست اننگز میں چار چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔

شاہین شاہ آفریدی جو اس میچ میں قدرے مہنگے ثابت ہو رہے تھے انھوں نے ریزی وینڈر ڈوسین کو آوٹ کیا۔ ڈوسین ایک اونچا شاٹ کھلینے کی کوشش میں لانگ آف پر کیچ آوٹ ہوئے۔ ان کا کیچ عماد وسیم نے لیا۔

گزشتہ میچ میں جنوبی افریقہ کی طرف سے بہترین بیٹنگ کرنے والے ریزا ہینڈریکس اس میچ میں رن آؤٹ ہو گئے۔ ریزا ہینڈریکس آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے۔ پاکستان کے نوجوان فیلڈر شاداب نے ہینڈریکس کو آؤٹ کیا۔ ان کی پھینکی ہوئی گیند سیدھی وکٹوں میں لگی۔ فیصلہ تھرڈ ایمپائر کو سونپا گیا اور ٹی وی ری پلے کی مدد سے ہینڈریکس کو آؤٹ قرار دیا گیا۔

پاکستان کے سپین بالنگ کرنے والے عماد وسیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف بہترین بالنگ کرتے ہوئِے اپنے حصے کے چار اوور میں صرف نو رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

ریزا ہینڈریکس کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیوڈ ملر کھیلنے آئے اور انھوں نے پندرہویں اوور میں عثمان شنواری کو لگتار دو گیندوں پر دو چوکے لگائے۔

پہلی وکٹ جنوبی افریقہ کی طرف سے پہلا بین الااقومی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے جی مان میلان کی گری جو عماد وسیم کا شکار ہوئے۔ انھوں نے 31 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے بڑے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلے چھ اوور میں 44 رنز بنائے۔

ریزا ہینڈریکس اور اپنے کیریئر کا پہلا بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے جی مان میلان نے بیٹنگ شروع کی اور پہلے چھ اووروں میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔

عثمان شنواری کے ایک اوور میں دو چھکے پڑے اور ابتدائی تین اوور میں سست روی کا شکار رن ریٹ آٹھ تک پہنچ گیا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کرنے کی دعوت تھی۔

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی اور عماد وسیم نے بالنگ کا آغاز کیا۔

عماد وسیم نے اپنے پہلے تین اوور میں صرف چھ رن دیے۔ لیکن اس کے باوجودہ جنوبی افریقہ کی رن بنانے کی رفتار کم نہ ہو سکی۔

پاکستان نے اس میچ میں پانچ بالروں کو آزمایا اور عماد کے علاوہ تقریباً سب کافی مہنگے ثابت ہوئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے چار اوور میں 27 رن دیے۔ عثمان شنواری نے چار اوور میں 63، حسن علی کو چار اوور میں 28، شاداب کو تین اوور میں 25 اور فخر زمان کو صرف ایک اوور دیا گیا جس میں انھیں بارہ رن پڑے۔

یہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ ہے۔ جمعے کو کیپ ٹاؤن میں ہونے والے پہلے سنسنی خیز میچ میں پاکستان کو محض چھ رنز سے شکست ہو گئی تھی۔