آئی سی سی رینکنگ: بابر اعظم کی تنزلی، راشد خان، روہت شرما اور شیکھر دھون کی ترقی

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستان کے بابر اعظم اب چھٹی، جبکہ انڈیا کے روہت شرما دوسری اور شیکھر دھوان پانچویں پوزیشن پر ہیں

حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ایشیا کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایک روزہ کرکٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کی ہے جس میں پاکستان کے بابر اعظم چار درجہ تنزلی کے بعد اب دوسرے سے چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔

ٹیموں کی درجہ بندی میں پاکستان ابھی بھی پانچویں نمبر پر ہے لیکن ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد اس نے تین پوائنٹ کھو دیے۔

آئی سی سی کی جانب سے پریس ریلیز کے مطابق ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں نے رینکنگ میں خود کو بہتر بنایا ہے۔ ٹیم کے اوپننگ بلے باز اور عارضی کپتان روہت شرما نے ٹورنامنٹ میں 317 رنز بنا کر دو درجہ ترقی کی ہے اور اب وہ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایشیا کے بارے میں مزید پڑھیے

روہت کے اوپننگ پارٹنر شیکھر دھون نے ایشیا کپ میں سب سے زیادہ 342 رنز بنائے اور انھوں نے چار درجہ ترقی پا کر اب پانچویں پوزیشن پر قبضہ کر لیا ہے۔

دوسری جانب افغانستان کے نوجوان لیگ سپنر راشد خان کے لیے بھی یہ ایشیا کپ نہایت سودمند ثابت ہوا۔ انھوں نے زبردست آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی اور ٹورنامنٹ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ 87 رنز بھی بنائے۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنایک روزہ کرکٹ کے آل راؤنڈرز کی فہرست میں راشد خان نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے

اس کارکردگی کی مدد سے اب وہ ایک روزہ کرکٹ میں بولرز کی فہرست میں پہلی مرتبہ 800 ریٹنگ پوائنٹس عبور کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

ابھی وہ پہلی پوزیشن پر براجمان انڈیا کے جسپریت بھمرا سے پیچھے ہیں لیکن آل راؤنڈرز کی فہرست میں راشد خان نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو پیچھے چھوڑ دیا اور چھ درجہ چھلانگ لگا کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

اپنے ملک سے وہ پہلے کرکٹر ہیں جنھوں نے ایک روزہ کرکٹ کی کسی بھی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہو۔

مجموعی رینکنگ میں بھی افغانستان نے اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے پانچ پوائنٹ حاصل کر کے 67 پوائنٹ تک پہنچ گئے ہیں اور نویں رینک کی ٹیم ویسٹ انڈیز سے صرف دو پوائنٹس پیچھے ہیں۔

نئی آئی سی سی رینکنگ میں ٹیموں کی درجہ بندی: