سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان نے زمبابوے کو 74 رنز سے شکست دے دی

فخر زمان( فائل فوٹو)

،تصویر کا ذریعہReuters

زمبابوے میں تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 74 رنز سے شکست دے دی۔

اتوار کو ہرارے میں کھیلے جانے والے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

فخر زمان اور آصف علی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 182 رنز بنائے جس کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 17.5 اوورز میں 108 رنز بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور فخر زمان نے اننگز شروع کی لیکن اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہیں کر سکے اور پہلی وکٹ 13 کے مجموعی سکور پر حفیظ کی گری جو صرف سات رنز ہی بنا سکے۔

اس کے بعد حسین طلعت کریز پر آئے مگر وہ بھی زیادہ دیر تک بیٹنگ نہیں کر سکے اور 44 کے مجموعی سکور پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

دوسرے اینڈ پر اوپنر فخر زمان ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے رہے اور طلعت کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کرنے آئے اور 16 رنز بنا کر ایک آسان کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد آنے والے بلے باز شعیب ملک اور فخر زمان نے سکور کو 120 رنز تک پہنچایا تو فخر زمان 40 گیندوں پر 61 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔

فخر کے آؤٹ ہونے کے بعد آصف علی بیٹنگ کرنے آئے جنھوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 21 گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے اور شعیب ملک کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ شعیب ملک نے 24 گیندوں پر 37 رنز بنائے۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

زمبابوے کا آغاز اچھا نہ تھا۔ پاکستان کو پہلی کامیابی پہلے اوور ہی میں ملی جب چبھابھا بغیر کوئی رن بنائے نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

زمبابوے کی دوسری وکٹ 22 کے مجموعی سکور پر گری جب مساکازا سات رنز بنا کر حسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

مائر نے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی اور مساکنڈا کے ساتھ مل کر سکور 53 رنز تک لے گئے لیکن ان کو نواز نے 27 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر دیا۔

پاکستان کو چوتھی کامیابی شاداب نے دلوائی جب انھوں نے مور کو دو رنز پر بولڈ کیا۔

چگومبرا بھی پاکستانی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکے اور 14 رنز بنا کر حسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

زمبابوے کی چھٹی وکٹ 102 کے مجموعی سکور پر گری۔ مساکنڈا نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 35 گیندوں میں 43 رنز سکور کیے۔ ان کو شنواری نے آؤٹ کیا۔

چسورو کو عثمان نے صرف ایک رن پر آؤٹ کیا۔ چسورو کے آؤٹ ہونے کے بعد جلد ہی رائن بھی نو رنز سکور کر کے آؤٹ ہو گئے۔

زمبابوے کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مزربانی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے محمد حفیظ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ زمبابوے کے آخری کھلاڑی جاروس چوٹ لگنے کے باعث بیٹنگ کرنے نہیں آئے۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنزمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہےلے بیٹنگ کی دعوت دی

خیال رہے کہ یکم جولائی سے زمبابوے میں ہونے والی تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے جس میں زمبابوے کے علاوہ آسٹریلیا بھی شامل ہے۔

تین ملکی کرکٹ سیریز میں درحقیقت پاکستان کا اصل مقابلہ آسٹریلیا سے ہے۔ یہ دونوں اس وقت آئی سی سی کی عالمی رینکنگ کی دو سرفہرست ٹیمیں ہیں۔

پاکستان 131 پوائنٹس کے ساتھ عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے لیکن آسٹریلیا اس سے زیادہ فاصلے پر نہیں ہے اور صرف پانچ پوائنٹس اسے پاکستان سے دور رکھے ہوئے ہیں۔