مشکوک شخص کے رابطے کی تصدیق، اہم کھلاڑی کا نام بتانے سے گریز

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تصدیق کی ہے کہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی سے مشکوک شخص نے رابطہ کیا تھا تاہم انھوں نے اس کھلاڑی کا نام نہیں بتایا ہے۔

ہمارے نامہ نگار عبدالرشید شکور نے بتایا کہ دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اینٹی کرپشن یونٹ اس رابطے کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے مذکورہ کھلاڑی کا انٹرویو کرے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کا یہ قانون ہے کہ کوئی بھی کرکٹر اگر اس طرح کے کسی بھی مشکوک شخص سے رابطے کی اطلاع دیتا ہے تو پھر آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ اس کرکٹر سے تفصیلات معلوم کرتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ہفتے کے روز ٹوئٹ میں کہا ہے کہ 'ایک کھلاڑی سے رابطہ کیا گیا تھا۔ قواعد وضوابط کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کو فوری طور پر مطلع کردیا گیا ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس کی اطلاع آئی سی سی کو دے دی اور اب یہ معاملہ مشترکہ طور پر دیکھا جارہا ہے۔'

یاد رہے کہ ایک مشکوک شخص کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے انتہائی اہم کھلاڑی سے مبینہ رابطہ 17 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ون ڈے سے قبل کیا گیا تھا جس پر اس کھلاڑی نے اپنی ٹیم منیجمنٹ اور اینٹی کرپشن یونٹ کو فوری اطلاع دے دی تھی۔