بابر اور شعیب کی شاندار شراکت، پاکستان چوتھا ون ڈے جیت گیا

شارجہ میں کھیلے جانے والے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے کرکٹ میچ میں پاکستان نے بابر اعظم اور شعیب ملک کے عمدہ بلے بازی کی بدولت سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان نے 174 رنز کا ہدف 39 اووروں میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

شعیب ملک اور بابر اعظم نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 119 رنز بنائے، جبکہ دونوں ہی بلے باز 69، 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے اوور میں ہی گذشتہ میچ کے سنچری میکر امام الحق صرف دو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

فخر زمان 17 اور محمد حفیظ صرف نو رنز ہی بنا سکے۔

اس موقع پر شعیب ملک اور بابر اعظم نے پہلے تو محتاط انداز میں بیٹنگ کی تاہم بعد میں دونوں ہی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 39ویں اوور میں ہی ہدف حاصل کر لیا۔

سری لنکا کی جانب سے گاماگے، دننجایا اور پراسنّا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم 173 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

سری لنکا کی جانب سے تھریمانے نے سے سب سے زیادہ 62 رنز بنائے۔

سری لنکا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستانی بولروں نے سری لنکن بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے اور بڑا سکور کرنے کا موقع نہیں دیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتے رہے۔

پاکستان کی جانب سے ایک بار پھر حسن علی تین وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔ ان کے علاوہ شاداب خان نے اور عماد وسیم نے دو، دو جبکہ اپنا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے عثمان شنواری اور جنید خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاداب خان نے اپنے پہلے ہی اوور کی پہلی دو گیندوں پر پرسنّا اور پریرا کو آؤٹ کیا تاہم وہ ہیٹ ٹرک کرنے میں ناکام رہے۔

سری لنکا کی جانب سے اوپنر ڈک ویلا 22، چندیمل 16، لکمل 23 اور دننجایا 18 رنز ہی بنا سکے، جبکہ کپتان تھرنگا بنا کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان سیریز میں پہلے ہی فیصلہ کن برتری حاصل ہو چکی ہے۔

پاکستان نے اس میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں اور رومان رئیس اور فہیم اشرف کی جگہ عماد وسیم اور عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ عثمان شنواری کے کریئر کا پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ میچ ہے۔

پاکستان کو سیریز میں تین صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

بدھ کو ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے میچ پاکستان نے سری لنکا کو سات وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی تھی۔ جبکہ اس سے قبل پاکستان نے دوسرے میچ 32 رنز سے اور پہلے میچ میں 83 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اس بات پر بہت خوش ہیں کہ ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد کھلاڑیوں نے زبردست کم بیک کیا ہے اور تینوں ون ڈے میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہوگی کہ پاکستانی ٹیم اگلے دونوں میچز میں بھی اسی کارکردگی کا مظاہرہ کرے جو وہ پہلے تین میچوں میں دکھا چکی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم مسلسل سات ون ڈے میچز جیت چکی ہے۔ دوسری جانب سری لنکا کو لگاتار دس جیک روزہ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

شارجہ میں پاکستانی ٹیم کا ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ اس نے یہاں ایک 122 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں سے 81 جیتے ہیں، 40 میں اسے شکست ہوئی ہے اور ایک ٹائی ہوا ہے۔

سری لنکا نے شارجہ میں 78 ون ڈے کھیلے ہیں جن میں سے 29 جیتے ہیں، 47 ہارے ہیں اور دو ٹائی ہوئے ہیں۔

دونوں ٹیمیں شارجہ میں 35 ایک روزہ میچوں میں مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 22 جیتے ہیں، 12 میں سری لنکا کو کامیابی ملی ہے جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔

سری لنکا نے پاکستان کو شارجہ میں آخری بار سنہ 2002 میں شکست دی تھی جبکہ دونوں ٹیموں کے مابین یہاں کھیلے گئے گذشتہ پانچ میچوں میں سری لنکا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔