آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’کھلاڑیوں پر بھروسہ ہے یہی دبئی ٹیسٹ جتوائیں گے‘
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم ابوظہبی ٹیسٹ جیتنے کی پوزیشن میں آ کر ہاری جس کے بعد ظاہر ہے ٹیم پر دباؤ ہے لیکن تمام کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنا قدرتی کھیل کھیلیں۔
سرفراز احمد کو اپنے کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے اور انھیں امیدہے کہ یہی کھلاڑی دبئی ٹیسٹ جتوائیں گے۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان کے مطابق ابوظہبی میں ان کے بیٹسمین اپنے خول میں بند رہے اور کچھ سست کھیلے۔وہ بہت زیادہ پر امید ہیں کہ یہی کھلاڑی دبئی ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کریں گے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ انھیں پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اوپر کے نمبر پر آ کر بیٹنگ کرنی چاہیے تھی جو وہ نہ کرسکے لیکن اگر دوبارہ اس طرح کی صورت حال ہوئی تو وہ ضرور اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سرفراز کے مطابق رنگانا ہیرتھ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں جارحانہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی تاکہ انھیں دباؤ میں لایا جائے جیسا کہ پاکستانی ٹیم نے دو سال قبل سری لنکا میں کھیلی گئی سیریز میں ان کے خلاف جارحانہ حکمت علی اپنائی تھی۔
سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کپتان دنیش چندی مل کا کہنا ہے کہ انھوں نے کبھی بھی پاکستانی ٹیم کو نظرانداز نہیں کیا ہے اور انھیں معلوم ہے کہ دبئی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم سخت حریف کے طور پر سامنے آئے گی جس کے لیے ان کے کھلاڑی تیار ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ دبئی ٹیسٹ جیت کر کلین سوئپ کرسکیں۔
دنیش چندی مل کے مطابق گلابی گیند تیز بولرز کے لیے مددگار ثابت ہوسکتی ہے تاہم دبئی ٹیسٹ کی وکٹ خشک ہے جس پر سپنرز بھی موثر ثابت ہوسکتے ہیں۔