عمر اکمل کا نازیبا زبان استعمال کرنے کا الزام، مکی آرتھر کی تردید

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستانی کرکٹر عمر اکمل کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی ہے تاہم مکی آرتھر نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
لاہور میں بی بی سی کی نامہ نگار حنا سعید کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے کہا کہ چونکہ وہ سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑی نہیں اس لیے مکی آرتھر نے ان کی بےعزتی کرتے ہوئے انھیں کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس نہیں کرنے دی اور یہ سارا واقعہ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور مشتاق احمد کے سامنے پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کرکٹ اکیڈمی میں سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کو ورک آوٹ کروا رہے ہیں تو میں بھی پاکستانی ٹیم کا کھلاڑی ہوں اور اپنی خراب فٹنس پر کام کرنا چاہتا تھا۔ میں مکی آرتھر کہ پاس گیا تو انھوں نے مجھے ڈانٹا اور انضمام الحق کے کمرے میں لے گئے اور ان کے سامنے مجھے گالیاں دیں۔ یہ میرے لیے بہت تکلیف دہ تھا کہ اتنے بڑے نام میرے سامنے بیٹھے تھے لیکن انھوں نے مکی آرتھر کو نہیں روکا کہ آپ تھوڑا سا کنٹرول کریں، یہ ہمارا کھلاڑی ہے۔‘
عمر اکمل کا کہنا تھا کہ ان کی فنٹس ٹھیک نہیں اور اس بات کو انھوں نے ہمیشہ تسلیم کیا ہے لیکن مکی آرتھر ان کو بغیر وجہ کے نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ اس سے قبل بھی وہ اور کھلاڑیوں کو گالیاں دے چکے ہیں۔
عمر اکمل نے کہا کہ ’میں دس دن پہلے انگلینڈ سے گھٹنے کی انجری کی ریکوری کر کے واپس آیا تو سب کو فون کیا کیونکہ میں وعدہ کر کے گیا تھا کہ واپس آ کر وہی کروں گا جو پی سی بی انتظامیہ کہے گی۔ جب میں نے مکی آرتھر کو کہا کہ آپ مجھے کوئی ٹرینر دیں پھر بھی انھوں نے مجھے گالیاں دیں اور مجھے کہہ دیا کہ تمہیں یہاں آنا ہی نہیں چاہیے، تم جا کر کلب کرکٹ کھیلو، تمہیں پتا نہیں یہاں آنے کی اجازت کون دیتا ہے۔ مکی نے یہ مجھے نہیں بلکہ پورے پاکستان کو گالیاں دی ہیں۔ آپ جس مرضی میچ کی تاریخ نکال لیں وہ کسی نہ کسی کھلاڑی کو گالیاں دے رہے ہوتے ہیں۔ اتنے سینیئر کھلاڑیوں کے سامنے مکی نے یہ سب کچھ کہا، اسی لیے مجھ سے برداشت نہیں ہوا اور میں یہ سچائی پاکستانی عوام اور اپنے مداحوں کے سامنے لایا ہوں۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پی سی بی کا عمر اکمل کے خلاف ممکنہ ایکشن کے بارے میں پوچھا گیا تو عمر نے کہا کہ ’میں کرکٹ بورڈ کے خلاف بات نہیں کر رہا، یہ لوگ کرکٹ بورڈ کے ملازم ہیں۔ میں کرکٹ بورڈ کو یہ بتانا چاہ رہا ہوں کہ یہ لوگ کھلاڑیوں کے ساتھ کیسا سلوک کر رہے ہیں، خاص طور پر کوچنگ سٹاف۔ میں پاکستان ٹیم کا کھلاڑی ہوں اور اکیڈمی اسی لیے ہے کہ پلئیر اپنی غلطیاں دور کر سکیں، وہاں پر بھی مجھے یہ موقعہ نہیں دیا جا رہا تو میں کہاں جاؤں؟‘
کراچی سے بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ عمر اکمل کو کوئی گالی نہیں دی۔
’جب میں کیمپ میں آیا تو میں نے عمر اکمل سے کہا کہ آپ کیمپ کا حصہ نہیں ہیں۔ اس لئے آپ کوچنگ سٹاف کا استعمال نہیں کر سکتے اور ان کے ساتھ ٹریننگ بھی نہیں کر سکتے۔ آپ جائیں اور کلب کرکٹ کھیلیں اور پہلے اپنی فٹنس پر توجہ دیں۔ میں نے عمر اکمل کو کوئی گالی نہیں دی اور نہ ہی کوئی نامناسب الفاظ کا استعمال کیا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق پی سی بی عمر اکمل کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرے گا اور ضابطے کے مطابق ان کے خلاف کارووائی کی جائے گی۔








