اعصام الحق نے اہنے ساتھی فلورن مرگیا کے ساتھ بارسلونا اوپن کا ڈبلز ٹائٹل جیت لیا

ٹینس

،تصویر کا ذریعہGetty Images

پاکستان کے ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی اور ان کے ساتھی رومانیہ سے تعلق رکھنے والے فلورن مرگیا نے بارسلونا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ڈبلز فائنل جیت لیا ہے۔

فائنل مقابلے میں ان دونوں کا مقابلہ جرمنی کے فلپ پٹشزنر اور آسٹریا کے الیگزینڈر پیا سے ہوا جہاں اعصام اور مرگیا نے دو سیٹس میں آسان فتح حاصل کی۔

فائنل کا سکور چھ چار اور چھ تین رہا۔

اعصام الحق اس وقت ڈبلز میں 32 نمبر پر ہیں جبکہ ان کے ساتھی مرگیا 25 درجے پر ہیں۔ اس سال اعصام کی یہ دوسری کامیابی ہے۔ اس سے پہلے جنوری میں انھوں نے آکلینڈ اوپن میں فتح حاصل کی تھی جس میں ان کے ساتھ پارٹنر مارچن ماٹکوسکی تھے۔

دوسری طرف مردوں کے سنگلز مقابلوں کا فائنل کھیلا جائے گا جس میں سپین کے رافیل نڈال کا سامنا آسٹریا کے ڈومینیک تھیئم سے ہو گا۔

ٹینس

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنرافیل نڈال

اس سے پہلے رافیل نڈال پر ٹورنامنٹ میں نو بار کامیابی کا تاج سج چکا ہے۔

سال 2017 میں یہ رافیل نڈال کا پانچواں فائنل ہو گا۔ اس سے پہلے کھیلے گئے چار فائنلز میں سے تین میں انھیں شکست ہوئی تھی لیکن مونٹی کارلو ماسٹرز میں انھوں نے فتح حاصل کی تھی۔ یہ نڈال کی اُس ٹورنامنٹ میں بھی دسویں جیت تھی۔

ڈومینیک تھئیم اور رافیل نڈال اس سے پہلے تین دفعہ مدِ مقابل آ چکے ہیں جن میں سے دو مرتبہ کامیابی نڈال کو نصیب ہوئی ہے۔