اگر کوئی نیا کیس سامنے نہیں آتا تو پی ایس ایل کے دوران دیگر کھلاڑیوں کو معطل نہیں کر رہے: نجم سیٹھی

پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگر کوئی نیا کیس سامنے نہیں آتا تو پی ایس ایل کے دوران دیگر کھلاڑیوں کو معطل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

نجم سیٹھی نے یہ ٹویٹ شاہ زیب حسن، ذوالفقار بابر اور محمد عرفان کو پوچھ گچھ کے بعد کلیئر ہونے کے بعد دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان تینوں کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کے بعد کلیئر کیا اور انہیں پاکستان سپر لیگ کھیلنے کی اجازت دے دی۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران بک میکرز مافیا کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز سے رابطے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرکے وطن واپس بھیج دیا تھا۔

نجم سیٹھی نے ٹویٹ میں کہا ہے 'اگر کوئی نیا کیس سامنے نہیں آتا تو پاکستان سپر لیگ میں مزید کسی کھلاڑی کو معطل نہیں کیا جا رہا ہے۔'

ان کا مزید کہنا ہے 'ایکشن اس صورت میں لیا جائے گا اگر بدعنوانی کروانے کی کوشش اور خراب کرنے کی کوشش کو رپورٹ نہ کیا گیا۔'

پی ایس ایل کے چیئرمین نے کہا کہ میڈیا قیاس آرائیاں نہ کریں۔

'پلیئرز ریلیکس ہو جائیں، کرکٹ کھیلیں اور ملک اور بیرون ملک لاکھوں مداحوں کے لیے خوشی کا سبب بنیں۔'

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران بک میکرز مافیا کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز سے رابطے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرکے وطن واپس بھیج دیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ان دونوں کرکٹرز کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کرکٹرز کی معطلی کے بعد شاہ زیب حسن، ذوالفقار بابر اور محمد عرفان سے پوچھ گچھ کی تھی۔

محمد عرفان پوچھ گچھ کے بعد ہفتے کے روز لاہور قلندر کے خلاف میچ نہیں کھیلے۔