آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہی ہوگا: نجم سیٹھی
پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ رواں سال ہونے والی دوسری پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔
منگل کے روز نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو حکومت کی جانب سے اس ایونٹ کے لیے مکمل حمایت اور مدد حاصل ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’اس قسم کے فائنل میچ کے لیے لاہور سب سے محفوظ مقام ہے اور میں سو فیصد یقین کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔‘
پاکستان سپر لیگ 2 کا آغاز رواں سال نو فروری سے متحدہ عرب امارات میں ہوگا اور فائنل سات مارچ کو کھیلا جائے گا۔
رواں سال ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں گذشتہ سال کے مقابلے میں میچز کی تعداد بھی 16 سے بڑھا کر 18 کر دی گئی ہے۔
پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم کو شامل کرنے کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ ’آئندہ سال ایک اور ٹیم کا اضافہ کیا جائے گا جس کے لیے پی سی بی کو کئی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن میں متحدہ عرب امارات بھی شامل ہے۔‘
خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق نجم سیٹھی نے انڈین کرکٹ بورڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’حال ہی میں انڈین بورڈ کے اعلیٰ حکام کی برطرفی کے حوالے سے پیدا ہونے والی افراتفری جلد ختم ہو جائے گی اور نئی مینجمنٹ پاکستان اور انڈیا کے درمیان دوطرفہ بنیادوں پر سیریز کھیلنے کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔‘
پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی آسٹریلیا میں حالیہ کارکردگی کے بارے میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس کی بڑی وجہ پچز کا مختلف ہونا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال کے باعث غیر ملکی کیوریٹر پاکستان میں لمبا عرصہ نہیں گزارنا چاہتے۔ انھوں نے کہا کہ ’ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزلینڈ سے کیوریٹرز کو بلاوائیں تاکہ وہ ہمارے کیوریٹز کو جدید تکنیک سکھا سکیں۔‘