آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستانی کبڈی ٹیم کو عالمی کپ میں شرکت کی اجازت نہ دینے پر مایوسی کا اظہار
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کبڈی فیڈریشن نے انڈیا میں منعقد ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کو شرکت کی اجازت نہ دینے پر سخت مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہ معاملہ انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن میں اٹھائے گی۔
واضح رہے کہ کبڈی ورلڈ کپ جمعے کو انڈین شہر احمد آباد میں شروع ہو رہا ہے تاہم انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کے صدر دیوراج چترویدی نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان موجودہ کشیدہ تعلقات کے سبب یہ مناسب نہیں ہوگا کہ پاکستانی کبڈی ٹیم انڈیا آئے۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری محمد سرور نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کا یہ فیصلہ انتہائی مایوس کن ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستانی کبڈی ٹیم کے ویزوں کے لیے پہلے ہی انڈیا سے رجوع کیا جا چکا ہے لیکن انڈین وزارت داخلہ نے ابھی تک پاکستانی ٹیم کو کلیئرنس نہیں دی ہے۔
محمد سرور نے کہا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے حکومتِ پاکستان سے اپنی ٹیم انڈیا بھیجنے کی اجازت طلب کررکھی ہے اور یہ ٹیم اسی صورت میں ہی بھارت جائے گی جب پاکستانی حکومت اس کی اجازت دے گی۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کے معاملے کو انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کے آئندہ اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ سیاست اور کھیل کو الگ رکھنا چاہیے 'ماضی میں پاکستانی کھلاڑیوں کو انڈیا میں ہونے والی کبڈی لیگ میں بھی حصہ نہیں لینے دیا گیا تھا اور انھیں ویزے جاری نہیں کیے گئے تھے۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
محمد سرور نے کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ پاکستان کے بغیر ایسے ہی نامکمل ہے جیسے برازیل کے بغیر فٹبال ورلڈ کپ۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستانی کبڈی ٹیم بہت فارم میں ہے اور وہ گذشتہ دنوں ویت نام میں ہونے والے ایشین بیچ گیمز کے فائنل میں انڈیا کو شکست دے چکی ہے لیکن افسوس کہ ورلڈ کپ میں شائقین ایک بڑی ٹیم کو کھیلتا دیکھنے سے محروم رہ جائیں گے۔