بوئنگ نے اپنے نئے جہاز کی تجرباتی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ہوائی جہاز بنانے والی امریکی کمپنی بوئنگ نے ممکنہ طور پر انجن میں بعض مسائل کی وجہ سے اپنے نئے 737 میکس ایئر کرافٹ کی پرواز کا تجربہ عارضی طور پر روک دیا ہے۔
کمپنی نے تجربہ نہ کرنے کا یہ فیصلہ اپنے گاہکوں کو جہاز کی فراہمی سے چند روز قبل کیا ہے۔
لیکن بوئنگ کا کہنا ہے کہ اس ماہ گاہکوں کو میکس جہازوں کی فراہمی کا منصوبہ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق برقرار ہے اور جہاز کی تیاری کا عمل جاری رہے گا۔
امریکن ایئر لائن، ساؤتھ ویسٹ اور چین کی شینڈونگ جیسی فضائی کمپنینوں نے اس میکس جہاز کو خریدنے کا آرڈر دے رکھا ہے۔
اس برس کے اوائل میں سپائس جیٹ اور بعض دیگر انڈیا کی فضائی کمپنیوں نے تقریباً 22 ارب امریکی ڈالر کی مالیت کا بوئنگ سے 205 طیارے خریدنے کا سودا کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بوئنگ کا کہنا تھا کہ میکس 737 کے پہلے طیارے سپائس جیٹ کو 2018 میں فراہم کیے جائیں گے۔
بوئنگ کے نئے جہاز ایندھن کفایت شعار طیارے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے میکس کے ٹربائن انجن کی ڈسک میں بعض مسائل آئے تھے، جو سی ایف ایم انٹرنیشنل نامی کمپنی تیار کرتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بوئنگ کا کہنا ہے کہ تقریباً 2000 گھنٹوں تک اس نے خود تجربہ کیا جس دوران ڈسک سے کوئی مسائل سامنے نہیں آئے۔
کمپنی نے بی بی سی کو بتایا: 'احتیاط کے طور پر ہم نے عارضی طور پر میکس کی فلائٹ کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔'
737 میکس 8 اس سیریز کا پہلا جہاز ہے جس کی قیمت تقریباً 11 کروڑ ڈالر ہے لیکن فضائی کمپنیوں کے لیے قیمتوں میں کچھ رعایت کی جاتی ہے۔
اس سیریز کا دوسرا جہاز 737 میکس 9 ہے جس میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ سیٹیں ہوں گی۔







