لمبے دانتوں والے طویل العمر ہاتھی ’ستاؤ ٹو‘ کی ہلاکت

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ہاتھیوں کی بقا کے لیے کام کرنے والے ایک گروہ کے مطابق براعظم افریقہ کا طویل العمر اور غیر معمولی طور پر لمبے دانتوں والا ہاتھی ’جائنٹ ٹسکر‘ مبینہ طور پر غیرقانونی شکار کے دوران مارا گیا ہے۔
ہاتھی جس کا نام ستاؤ ٹو تھا اور عمر 50 برس تھی ساؤ نیشنل پارک میں مردہ حالت میں ملا۔
اگرچہ ابھی ہاتھی کے مرنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم پارک کے محافظوں کا خیال ہے کہ ہاتھی کو کسی نے زہر میں بجھا تیر مارا ہے۔
ستاؤ ٹو سے قبل ایسے ہی غیر معمولی طور پر لمبے دانتوں والے ہاتھی ستاؤ ون کو سنہ 2014 میں غیر قانونی شکار کے دوران ہلاک کیا گیا تھا۔
اب افریقہ میں لمبے دانتوں والے ہاتھیوں کی تعداد 30 سے بھی کم رہ گئی ہے۔
پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کینیا کی وائلڈ سروس کی ٹیم نے غیر قانونی شکاریوں کے کسی بھی دعوے سے قبل ہی ستاؤ ٹو کے دانت نکال لیے ہیں۔
ایک دانت کا وزن ساڑھے اکاون کلو جبکہ دوسرے کا ساڑھے پچاس کلو ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے ہاتھی کی لاش رواں برس جنوری میں پارک کے فضائی معائنہ کے دوران ملی تھی تاہم اس کا اعلان ایک روز قبل کیا گیا ہے۔
بعد میں پارک انتظامیہ نے غیر قانونی شکاریوں کو حراست میں بھی لے لیا تھا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے دونوں شکاریوں کے پاس زہر میں بھجے 12 تیر، تین کمانیں اور ایک اے کے 47 رائفل ملی تھی۔










