http://www.bbc.com/urdu/

Saturday, 10 February, 2007, 10:24 GMT 15:24 PST

کشمیر: فوجیوں کے خلاف تحقیقات

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی پولیس نے ایک شہری کی ہلاکت کے سلسلے میں فوج کے سپاہیوں کے خلاف باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

مقامی باشندوں نے الزام ‏عائد کیا ہے کہ جب کچھ مشتبہ شدت پسندوں نے فوج کے تین جوانوں کو ہلاک کر دیا اس کے ذرا دیر بعد ہی بھارتی افواج نے ایک 37 سالہ شہری کو بھی ہلاک کر دیا۔

شہری کی ہلاکت کے خلاف ہزاروں افراد نے ترال کے قصبے میں احتجاجی مظاہرے کیے ۔

ترال کے باشندوں کا کہنا ہے کہ بھارتی افواج نے محمد افضل کمہار نامی شخص کو زبردستی ایک مسجد سے باہر نکالا اور اسے گولی مار کر ہلاک کردیا۔

انہوں نے فوج پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ فوج کے سپاہیوں نے افضل کو ہسپتال لے جانے بھی نہیں دیا گیا۔
ترال میں بھی شہری کی ہلاکت پر احتجاج ہوا ہے

پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں فوج کے جوانوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

لیکن فوج کا کہنا ہے کہ اس شہری کو شدت پسندوں نے ہلاک کیا ہے۔

اس ہفتے کی شروعات میں ہندوستان کے زير انتظام کشمیر میں علیحدگي پسند گرہوں نے فوج کی جانب سے حراست کے دوران قتل کے معاملات کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

ان لوگوں نے پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں پر فرضی تصادم میں بے گناہوں کو ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

فرضی تصادم کے سلسلے میں ہی گزشتہ جمعرات سے اب تک کی گئی تحقیقاتی کارروائی کے دوران چار لاشوں کو قبر سے باہر نکالا گیا ہے۔