http://www.bbc.com/urdu/

Wednesday, 11 October, 2006, 02:46 GMT 07:46 PST

جوہری ٹیکنالوجی کے حق کا دعویٰ

ایران کے رھبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ان کا ملک جوہری ٹیکنالوجی کا حصول جاری رکھے گا۔ ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’ہماری پالیسی بالکل واضح ہے کہ ترقی سوچتے سمجھتے ہوئے اور بغیر پیچھے ہٹے اپنے حقوق پر قائم رہنا‘۔

ان کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کی طرف سے ایٹمی دھماکوں کا رد عمل سوچھا جا رہا ہے۔

ایران نے ہمیشہ کہا ہے کہ اس کا ایٹمی پروگرام پر امن مقاصد کے لیئے ہے۔

گزشتہ ہفتے لندن میں مذاکرات کے دوران ان چھ بڑی عالمی طاقتوں نے جو ایران کو اپنا جوہری پروگرام روکنے کے لیئے کہہ رہی ہیں ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے بارے میں غور کرنے پر اتفاق کیا۔

ایران کے رھبر اعلیٰ کا بیان لندن میں ہونے والی اس ملاقات کے بعد ان کا پہلا عوامی رد عمل تھا۔

آیت اللہ خامنہ ای کے بارے میں یہ بھی کہا گیا کہ انہوں نے کہا ہے کہ ماضی میں ایران نے یورینیم کی افزودگی معطل کی تھی وہ آئندہ ایسا نہیں کرے گا۔

ایران نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی طرف سے اکتیس اگست تک یورینیم کی افزودگی روکنے کا وہ مطالبہ بھی نہیں مانا تھا جسے نہ ماننے کی صورت میں اسے کہا گیا تھا کہ اس کے خلاف پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں۔

لندن میں گزشتہ ہفتے امریکہ اور برطانیہ نے ایران کے خلاف فوری پابندیوں کا مطالبہ کیا تھا لیکن روس اور چین نے کہا کہ اس مسئلہ کا بہترین حل سفارتکاری کے ذریعے نکل سکتا ہے۔