Sunday, 02 July, 2006, 00:49 GMT 05:49 PST
فلسطین میں اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹروں نے وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ کے دفاتر کو نشانہ بنایا ہے جس سے وزیر اعظم کے دفتر کی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔
غزہ میں مسلسل پانچویں شب بھی اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری رہی اور اسرائیل فوج کے گن شپ ہیلی کاپٹروں نے حملے کیئے۔
اسماعیل ہنیہ کے دفتر کی عمارت پر حملے میں تین محافظوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
وزیر اعظم کے دفتر پر حملے کے وقت اسماعیل ہنیہ عمارت میں موجود نہیں تھے۔
اسرائیل فوج نے وزیر اعظم کے دفتر کے علاوہ حماس کی سکیورٹی سروس کے دفتر پر بھی حملہ کیا جس میں ایک محافظ ہلاک ہو گیا۔
اس سے قبل فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا تھا کہ اسرائیلی فوج کی رہائی کے لیئے مصر کی سربراہی میں ہونے والی سفارتی کوشیش انتہائی اہم مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔
اسرائیل اپنے فوجی کی بازیابی کے لیئے غزہ پر حملے کی دہمکیاں دے رہا ہے۔ اسرائیل کے ایک فوجی کو گزشتہ ہفتے فلسطینی مسلح گروہوں نے اغواء کر لیا تھا۔
اسرائیل نے فلسطینوں گروپوں کی فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے مطالبات کو بھی تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
واشنگٹن میں صدر بش نے کہا ہے کہ اس بحران کو حل کرنے کے لیئے فلسطینی گروپوں کو اسرائیلی فوجی کو رہا کر دینا چاہیے۔