http://www.bbc.com/urdu/

Thursday, 23 February, 2006, 19:21 GMT 00:21 PST

غربِ اردن میں چھ فلسطینی ہلاک

نابلس میں بلاٹا پناہ گزیں کیمپ کے قریب اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں پانچ فلسطینی ہلاک ہوگئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں الاقصیٰ برگیڈ کے تین شدت پسند بھی شامل ہیں جنہوں نے اسرائیلی فوجیوں پر اس وقت گولی چلائی جب انہوں نے ان شدت پسندوں کے ٹھکانے پر دھاوا بولا۔

دو فلسطینی نوجوان اس وقت مارے گئے جب ایک مظاہرین کا ایک گروہ اسرائیلی فوج پر پتھراؤ کر رہا تھا اور فوج نے فائرنگ کر دی۔

پچیس جنوری کو فلسطینی انتخابات کے بعد اسرائیلی فوجی کی طرف سے غربِ اردن میں یہ سب سے بڑی دراندازی ہے۔اس دراندازی کے دوران اب تک آٹھ فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔

اتوار کو عینی شاہدوں نے بتایا تھا کہ دو فلسطینی نوجوان اس وقت مارے گئے تھے جب اسرائیلی فوج نے پتھراؤ کرنے والے ان نوجوان مظاہرین پر گولی چلا دی تھی۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے گولی اس لیئے چلائی کہ نوجوان فلسطینیوں کو بم نصب کرنے سے روک سکیں۔

جمعرات کو اسرائیلی فوج کے درجنوں بلڈوزر اور دیگر گاڑیاں بالاٹا میں داخل ہوئی تھیں۔ ان میں سے ایک گاڑی خراب ہوگئی اور عینی شاہدوں کے مطابق فلسطینی نوجوانوں نے اس گاڑی پر پتھراؤ شروع کر دیا۔

انیس سالہ ابراہیم سعیدی اس وقت بری طرح زخمی ہوگیا جب اسرائیلی فوجیوں نے گولی چلا دی۔ بعد میں بائیس سالہ ابو سارث اپنے گھر کی چھت پر گولی لگنے سے مارا گیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ نوجوان مسلح تھا جبکہ ابراہیم سعیدی کے پاس بم تھا۔