http://www.bbc.com/urdu/

Friday, 13 January, 2006, 19:53 GMT 00:53 PST

گوانتانامو: جرمن چانسلر کا بیان رد

امریکی صدر جارج بش نے واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کے دوران گوانتانامو بے کیمپ کے بارے میں جرمن چانسلر انگلا مرکل کی تنقید کو مسترد کر دیا ہے۔

صدر بش نے کہا ہے کہ یہ امریکہ کے لوگوں کے تحفظ کے لیے ضروری تھا۔ گیارہ ستمبر کے بعد طالبان اور القائدہ کے افراد کو امریکہ نے گوانتانامو میں قید کر رکھا ہے اور انہیں قانون تک رسائی حاصل نہیں ہے۔

تاہم دونوں رہنماؤں نے ایران کے ایٹمی تنازعے پر یکساں موقف اختیار کیا ہے۔

یہ جرمن چانسلر کا امریکہ کا پہلا سرکاری دورہ ہے جس کے بارے میں صدر بش نے مذاق میں کہا کہ ان کے اپنے پہلے دورے کی طرح جرمن چانسلر کا یہ دورہ بھی کچھ زیادہ کامیاب نہیں رہا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے بہت سے امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں عراق کی جنگ بھی شامل تھی جس نے دونوں ملکوں کے تعلقات میں سردمہری بھی پیدا کر دی تھی۔

جرمن چانسلر نے کہا ہے کہ ’ہم نے کھل کر اس مسئلے پر توجہ دی ہے کہ کئی موقعوں پر ہمارا اختلاف رائے رہا ہے اور میں نے اس ضمن میں گوانتانامو بے کا بھی ذکر کیا ہے‘۔

امریکہ روانگی سے قبل بھی انہوں نے کہا تھا کہ اس قسم کی جگہوں کا وجود نہیں ہونا چاہیے جہاں لوگوں کو قانون تک رسائی حاصل نہ ہو۔ لیکن انہوں نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں دہشت گری سے نپٹنے کے طریقہ کار پر اختلاف کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے۔