Saturday, 05 November, 2005, 02:16 GMT 07:16 PST
اسرائیل کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کے ایرانی صدر احمدی نژاد کے متنازعہ بیان کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے ایران کا اپنا دورہ رد کردیا ہے۔
کوفی عنان پہلے سے طےشدہ ایک پروگرام کے تحت اگلے ہفتے مشرق وسطیٰ کے ممالک کے اپنے سفر کے دوران ایران جانے والے تھے۔
عنان کے ترجمان نے بتایا ہے کہ کوفی عنان ایرانی حکومت کے ساتھ اس بات پر متفق ہوگئے ہیں کہ اس وقت ان کے لئے ایران کا سفر کرنا مناسب نہیں ہوگا۔
حال ہی میں تہران میں ایک تقریر کے دوران ایرانی صدر احمدی نژاد نے اسرائیل کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کے بارے میں ایرانی انقلاب کے رہنما آیت اللہ خمینی کی بات دہرائی تھی۔
ایک پروگرام کے تحت اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان کو گیارہ سے تیرہ نومبر کے درمیان ایران کا دورہ کرنا تھا۔ عنان کا یہ دورہ احمدی نژاد کے بیان سے قبل طےکیا گیا تھا۔
اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے ایک بیان جاری کرکے صدر احمدی نژاد کے بیان کی مذمت کی تھی اور خود کوفی عنان نے بھی اس بیان پر ’افسوس‘ کا اظہار کیا تھا۔
جمعہ کو عیدالفطر کے موقع پر ایک عام تقریر کے دوران ایران کے مذہبی رہنما آیت اللہ علی خامنئی نے اس بات کا اعلان کیا کہ ایران کسی بھی ملک پر حملہ نہیں کرے گا۔