http://www.bbc.com/urdu/

Friday, 17 June, 2005, 13:59 GMT 18:59 PST

دنیا کے سات بہترین بلاگز

اظہارِ رائے کی آزادی کے دفاع میں’ویب لاگز‘ کے کردار کو سراہتے ہوئے فریڈم بلاگ ایوارڈز دیے جا رہے ہیں۔

’رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز‘ نامی تنظیم نے ساٹھ بلاگز میں سے سات بہترین بلاگز کا انتخاب کیا۔ یہ سات بلاگ چھ مختلف علاقوں میں رہنے والے افراد نے لکھے ہیں۔

انعام یافتہ بلاگز میں ایک افغانی بلاگ بھی شامل ہے جس میں افغانستان کی روزمرہ سیاسی اور سماجی زندگی کو بیان کیا گیا ہے۔

انعام یافتگان میں ایران سے تعلق رکھنے والے مجتبیٰ سمیع نجاد بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ مجتبیٰ کو ان کے بلاگ کی وجہ سے دو سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

ایران کیٹیگری میں شامل دیگر تمام بلاگرز نے بھی سمیع نجاد سے اظہارِ یکجہتی کے لیے انہی کے حق میں ووٹ دیا۔

ایشیائی بلاگز میں پہلا انعام ملائشیا کے بلاگ ’سکرین شاٹ‘ نے حاصل کیا۔ اس بلاگ کے خالق جیف اوئی کو بھی 2004 میں اپنے بلاگ کی وجہ سے قید کی دھمکی دی گئی تھی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ اس قسم کے ایوارڈز کا اجراء کیا گیا ہے اور’رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز‘ کے نمائندے جولین پین کا کہنا ہےکہ ان کی تنظیم چاہتی ہے کہ ان ایوارڈز کو جاری رکھا جائے۔

اس وقت جب امریکہ اور یورپ میں اس بات پر بحث جاری ہے کہ بلاگرز کو صحافیوں کا درجہ دیا جائے۔چند ممالک میں بلاگرز کو حکومت کی جانب سے سخت رویے کا سامنا ہے۔

جولین پین کا کہنا تھا کہ چین اور نیپال جیسے ممالک میں بلاگ کے ذریعے ہی اصل صحافت کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس بات کو سمجھا جائے کہ اظہارِ رائے کی آزادی کے لیے بلاگ کتنے اہم ہیں۔