http://www.bbc.com/urdu/

Monday, 07 February, 2005, 09:05 GMT 14:05 PST

عراق: دھماکوں میں 25 ہلاک

عراق میں مزاحمت کاروں کی طرف سے کیے گئے دو مختلف خودکش حملوں کے نتیجے میں پچیس افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موصل میں واقع ایک ہسپتال کے قریب ہونے والے دھماکے میں کم از کم بارہ پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے ترجمان سعد عزیز کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس افسران تنخواہ لینے کی غرض سے جمع ہو رہے تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’حملہ آور نے لمبا کوٹ پہن رکھا تھا۔ اس نے جوانوں کو آواز دے کر اپنے پاس بلایا اور پھر بم کو دھماکے سے اڑا دیا۔‘

اس کے علاوہ بعقوبہ میں واقع پولیس سٹیشن پر حملے میں تیرہ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اہلکار دیالا پولیس سٹیشن کے باہر مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے قطار بنا کر کھڑے تھے۔

موقع پر موجود لوگوں کے مطابق یہ حملہ گاڑی میں بم نصب کر کے کیا گیا۔

اس کے علاوہ شمالی بغداد میں سڑک کے کنارے نصب بم کے پھٹنے سے ایک امریکی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گیا ہے۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ عراق میں تیس جنوری کو ہونے والے انتخابات کے بعد سے اب تک ہونے والے یہ خونریز ترین واقعات ہیں۔