امریکی فوجیوں کے ایک گروپ نے کویت کے دورے پر آۓ ہوۓ امریکی وزیر دفاع ڈونلڈ رمز فیلڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کویتی صحرا میں ایک امریکی فوجی اڈے پر تقریر کے بعد ایک فوجی نے وزیر دفاع سے یہ سوال پوچھا کہ عراق میں جنگ شروع ہونے کے اتنے عرصے بعد بھی کیا پنٹاگون کے جنگی تیاریاں مکمل طور پر درست ہیں؟ اس فوجی کے اس سوال پوچھنے پر وہاں موجود اس کے دو ہزار سے زائد ساتھیوں نےاُسے بھرپور داد دی۔ اس فوجی کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی گاڑیوں کے لئے پرانے بلٹ پروف شیشے اور دوسرا سامان کچرے کے ڈھیر میں سے تلاش کرنا پڑتا ہے۔ مسٹر رمز فیلڈ پہلے جواب دینے میں کچھ جھجکے اور پھر کہا کہ فوجیوں کو جنگ پر اسی فوج کے ساتھ جانا ہوتا ہے جس کا وہ حصہ ہوں نہ کہ وہ فوج جو وہ چاہتے ہوں- امریکی وزیر دفاع کو پنٹاگون کے اس فیصلے پر بھی چیلنج کیا گیا جس کے تحت فوجیوں کو سروس چھوڑنے کے اہل ہونے کے باوجود فوج میں کام کرتے رہنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے۔ |