http://www.bbc.com/urdu/

Monday, 08 November, 2004, 21:04 GMT 02:04 PST

مزاحمت کار: قاتل و دہشتگرد

امریکی سیکریٹری دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ نے پنٹاگان میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد فلوجہ میں عراقی عوام کی جانب سے کی جانے والی ترقی کے دشمن ہیں۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکی اور عراقی افواج کی کامیابی دہشت گردوں کے لیے دھچکہ ثابت ہو گی۔ڈونلڈ رمزفیلڈ نے فلوجہ کے مزاحمت کاروں
کو قاتل، دہشت گرد اور صدام کی بقایا جات قرار دیا۔

دریں اثناء برطانوی وزارتِ دفاع کے مطابق کیمپ ڈاگ ووڈ کے شمال میں ایک بم دھماکے میں ایک بلیک واچ سپاہی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق بم سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا اور ایک سپاہی کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

یہ واقعہ بغداد سے بتیس کلومیٹر دور کیمپ ڈاگ ووڈ کے نزدیک پیش آیا۔

اتوار کو بم ڈسپوزل سکواڈ کے دو اراکین ایک خود کش کار بم دھماکے میں زخمی ہو گئے تھے جبکہ جمعرات کو تین بلیک واچ سپاہی ایک حملے میں مارے گئے تھے۔

علاوہ ازیں بغداد میں دو گرجاگھروں کے سامنے یکے بعد دیگرے ہونے والے دھماکوں میں تین افراد ہلاک اور چالیس زخمی ہو گئے۔

مرنے اور زخمی ہونے والے تمام افراد علاقے کے رہائشی تھے۔ یہ عراق کی عیسائی اقلیت پر ہونے والا تازہ ترین حملہ ہے۔

گزشتہ تین مہینوں میں مختلف واقعات میں چودہ عیسائی مارے جا چکے ہیں۔