http://www.bbc.com/urdu/

Wednesday, 27 October, 2004, 08:49 GMT 13:49 PST

قیدیوں پر تشدد، امریکہ پر تنقید

انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ عراق، افغانستان اور خلیج گوانتانامو میں موجود قیدیوں کے بنیادی انسانی حقوق کو پامال کیا گیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بدھ کے روز ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں امریکہ پر قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابو غریب جیل میں قید عراقیوں کے ساتھ امریکی فوجیوں کے مظالم کی تصاویر لوگ کئی برس تک بھلا نہیں پائیں گے۔

یہ رپورٹ امریکہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے محض چھ روز قبل جاری کی گئی ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے امریکی حکومت سے کہا ہے کہ وہ پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کرے۔

امریکی فوج کی طرف سے قیدیوں پر کیے گئے تشدد کے جائزے کے بعد فوج اور سول کے اعلیٰ افسران کو بری الذمہ قرار دیا گیا ہے البتہ بعض نچلی سطح کے فوجیوں کو کورٹ مارشل کا سامنا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں امریکہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ابو غریب جیل، افغانستان اور گوانتانامو بے میں قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات کی آزادانہ چھان بین کرائے۔

اس کے علاوہ امریکہ پر یہ بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ قیدیوں کو منصفانہ حقوق حاصل ہوں، خفیہ حراستوں کو ختم کیا جائے، بین الاقوامی معاہدوں کی توثیق کی جائے اور بدسلوکی کا شکار ہونے والے افراد کو ہرجانےکی رقم ادا کی جائے۔

رپورٹ میں امریکہ پر یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ خود امریکہ کے اندر قائم جیلوں میں بھی انسانی حقوق کا وہ معیار برقرار نہیں رکھا جا رہا جس کا دیگر ممالک سے امریکہ مطالبہ کرتا ہے۔