http://www.bbc.com/urdu/

عراق میں ایرانی سفارت کار اغوا

عراق میں ایک ایرانی سفارت کار کو اغوا کرلیا گیا ہے۔ ایرانی ٹیلی ویژن کے مطابق بغداد میں ایرانی سفارت خانے نے سفارت کار فریدون جہانی کے اغوا کی تصدیق کردی ہے۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق فریدون جہانی کو اس وقت اغوا کرلیا گیا جب وہ بغداد سے کربلا جارہے تھے۔ وہ کربلا میں ایرانی کونسل کا عہدہ سنبھالنے کے لئے جارہے تھے۔

ان کے اغوا کی پہلی خبر اس وقت ملی جب دوبئی میں ایک عربی ٹیلی ویژن کو ایک وڈیو فراہم کی گئی۔ اس وڈیو میں ایک پاسپورٹ دکھایا گیا ہے جس سے فریدون جہانی کی شناخت ہوتی ہے۔

اس وڈیو میں اسلامی آرمی نامی ایک تنظیم نے فریدون جہانی کے اغوا کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس کے ساتھ جو بیان ہے اس میں فریدون جہانی پر فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

وڈیو میں ایران پر عراق کے داخلی امور میں مداخلت نہ کرنے کا انتباہ کیا گیا ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ اغوا کا واقعہ بدھ کے روز پیش آیا۔حالیہ دنوں میں بغداد اور تہران کے درمیان تعلقات کشیدہ رہے ہیں۔ ایران نے عراق میں جاسوسی کرنے کے الزامات کے شواہد کا مطالبہ کیا ہے۔