Wednesday, 28 July, 2004, 15:08 GMT 20:08 PST
افغانستان میں تعینات امریکی فوج کے مطابق جنوب مغربی صوبہ غزنی میں ایک مسجد میں بم پھٹ جانے کی وجہ سے اقوام متحدہ کے دو انتخابی اہلکار سمیت چھ افراد مارے گئے ہیں۔
دھماکے کے وقت مسجد میں اکتوبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے ووٹروں کے اندراج کا کام چل رہا تھا۔
اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار افغان شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کےمارے جانے والے اہلکاروں کی شہریت ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں اقوام متحدہ کے دو اہلکار زخمی بھی ہو گئے ہیں۔
تاہم کابل میں اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے میں صرف دو ہی افراد ہلاک ہوئے ہیں اور دونوں افغان ہیں۔
اسلامی انتہا پسند یہ اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اکتوبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو درہم برہم کر دیں گے۔
اب تک تقریباً بیس امیدوار صدارتی انتخابات لڑنے کے لیے سامنے آئے ہیں۔ ان میں عبوری صدر حامد کرزئی بھی شامل ہیں۔