ایک اعلیٰ سعودی اہلکار نے انکشاف کیا ہے چھ سو سعودی ایڈز میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
اخبار ’الریاض‘ نے سعودی عرب میں ایڈز کی روک تھام کے پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرالحوزائم کے حوالے سے خبر شائع کی ہے کہ سلطنت میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد چھ ہزار سات سو ستاسی ہے جس میں سے بائیس فی صد سعودی ہیں۔
اخبار کے مطابق ایڈز کی تشخیص اور علاج پر دو کروڑ چالیس لاکھ ریال یعنی چونسٹھ لاکھ ڈالر خرچ کیے جا چکے ہیں۔ انکشاف ہوا ہے کہ سلطنت میں ایڈز کے مریضوں کی اصل تعداد اب تک رجسٹرڈ کیے جانے والے مریضوں کی تعداد سے پانچ گنا زائد ہے۔
اس پروگرام کے تحت جدہ اور دمام کے بعد اب دارالحکومت ریاض میں بھی ایڈز کے علاج کا مرکز کھولا گیا ہے۔
اگست دو ہزار دو تک اعلیٰ سعودی حکام یہ کہتے کہ سلطنت میں ایڈز کے مریضوں کی کل تعداد ایک ہزار دو سو پچاسی ہے اور اس میں سعودی اور غیر سعودی دونوں شامل تھے۔
تاہم اب ایڈز کے وائرس کا نشانہ بننے والے سعودی شہریوں کی تعداد ایک ہزار پانچ سو نو بتائی گئی ہے جب کے ایڈز میں مبتلا غیر سعودیوں کی تعداد پانچ ہزار دو سو اٹھہتر ہے۔
سعودی عرب میں جس غیر سعودی کے بارے میں یہ انکشاف ہوتا ہے کہ وہ ایڈز کا مریض ہے اسے سلطنت سے نکال دیا جاتا ہے۔