|
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایڈز کے مریضوں کے لیے مفت ادویہ
بھارتی حکومت نے ایڈز اور ایچ آئی وی وائرس کے متاثرین کو مفت ادویہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت میں پینتالیس لاکھ لوگ ایڈز اور ایچ آئی وی وائرس میں مبتلا ہیں اور ایڈز کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے بھارت دنیا بھر میں جنوبی افریقہ کے بعد دوسرے نمبر پر سمجھا جاتا ہے۔ بھارتی وزیر صحت سشما سوراج نے اتوار کو دلی میں بتایا کہ حکومت آئندہ برس اپریل سے سرکاری اسپتالوں کے ذریعے ایڈز کی دوائیں فراہم کرنے پر چار کروڑ ڈالر خرچ کرے گی۔ اس بارے میں سب سے پہلے دوائیں سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں کرناٹک ، مہاراشٹر ، تامل ناڈو ، منی پور اور ناگالینڈ میں فراہم کی جائیں گی۔ سشما سوراج نے کہا کہ دوائیں فراہم کرنے کے بارے میں اہم فیصلہ تین بھارتی دواساز اداروں کے ساتھ بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔ یہ ادارے پہلے ہی افریقہ اور جزائر کیریبین کے ممالک کو ایڈز کی سستی دوائیں فراہم کررہے ہیں۔ اگرچہ ابتداء میں بھارتی حکومت نے اس منصوبے میں شمولیت اختیار نہیں کی تھی لیکن یہ ادارے ایک منصوبے میں شامل ہو رہے ہیں جو سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے قائم کیے ہوئے ایک خیراتی ادارے نے شروع کیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||