ایئر انڈیا کا ملازم طیارے کے انجن میں پھنس کر ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کے چتراپتی شیوا جی ہوائی اڈے پر پیش آنے والے ایک حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایئر انڈیا کے تکنیکی عملے کے رکن روی سبرامنیم کو حیدرآباد کے لیے پرواز کو تیار طیارے کے انجن نے کھینچ لیا۔
مقامی صحافی اشون اگھور نے بی بی سی کو بتایا کہ طیارے کے معاون پائلٹ نے زمینی عملے کے اشارے کا غلط مطلب سمجھ کر انجن چلا دیا تھا۔
ان کے مطابق تکنیکی عملے کی جانب سے معاون پائلٹ کو ’پش بیک‘ یا پیچھے جانے کا اشارہ دیا گیا لیکن اس نے انجن چلا دیا۔
جب انجن چلا تو اس وقت تکنیکی ملازم طیارے کے آس پاس موجود تھے اور ان میں سے روی سبرامنیم کو انجن کی طاقت نے کھینچ گیا اور اس میں پھنس کر وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
روی کی لاش انجن کے پروں میں پھنسنے کی وجہ سے ٹکڑے ٹکڑے ہو کر بری طرح سے مسخ ہوگئی۔
بھارت میں شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹریٹ اور ائر انڈیا نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ایئر انڈیا کے چیئرمین اشونی لوہاني جمعرات کو اس سلسلے میں ممبئی جائیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا ہے کہ یہ بدقسمتی سے پیش آنے والا حادثہ تھا۔
انھوں نے ہلاک ہونے والے ملازم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ ’ہم اس حادثے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور پشیمان ہیں۔‘







