’پاکستان پرامن افغان صدارتی انتخاب کے لیے تعاون پر تیار‘

،تصویر کا ذریعہMoD
افغانستان نے ملک میں صدارتی انتخابات کے دوسرے دور کے موقع پر سکیورٹی انتظامات میں مدد کے لیے پاکستان سے درخواست کی ہے۔
افغان وزارتِ دفاع کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اس معاملے میں تعاون کا وعدہ کیا ہے۔
وزارت دفاع کے ترجمان جنرل ظاہر عظیمی نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ معاملہ پیر کو کابل میں افغانستان، پاکستان اور نیٹو کے سہ فریقی اجلاس میں اٹھایا گیا۔
اس اجلاس میں افغان بری فوج کے سربراہ جنرل شیر محمد کریمی، پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور افغانستان میں بین الاقوامی افواج کے کمانڈر جنرل جوزف ڈینفرڈ شریک ہوئے۔
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ افغانستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان سہ فریقی اور دو طرفہ تعاون سمیت دیگر معاملات زیرِغور آئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اجلاس میں نیٹو افواج کے انخلا کے پیش نظر ملک کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں افغان فوج کو سونپنے کے ساتھ ساتھ پاک افغان سرحدی رابطہ کاری کو مزید بہتر بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے اس اجلاس کے بعد افغانستان کے قائم مقام صدر یونس قانونی اور وزیر دفاع جنرل بسم اللہ محمدی سے بھی ملاقات کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
قائم مقام صدر اور وزیر دفاع کے ساتھ جنرل راحیل شریف کی ملاقاتوں میں باہمی امور پر بات جیت ہوئی۔
یہ سہ فریقی اجلاس ایک ایسے موقع پر منعقد ہوا ہے جب ایک جانب صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں امن و امان کا قیام افغان حکام کی ترجیح ہے وہیں دوسری جانب پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں کسی حد تک اضافہ ہوا ہے۔
گذشتہ ہفتے ہی افغان اور پاکستانی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں ایک <link type="page"><caption> افغان فوجی کی ہلاکت کا واقعہ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2014/05/140515_pak_afghan_clash_fz.shtml" platform="highweb"/></link> پیش آیا تھا۔
افغانستان میں صدارتی انتخاب کا پہلا پرامن رہا تھا اور اب دوسرے دور میں عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی احمد زئی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
ابتدائی دور میں طالبان نے بڑے پیمانے پر سکیورٹی میں خلل ڈالنے کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن افغان سکیورٹی فورسز ان کے ارادوں کو ناکام بنانے میں بڑی حد تک کامیاب رہی تھیں۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ سرحد پار پاکستان میں موجود شدت پسند گروپ الیکشن کے دوسرے مرحلے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتے ہیں اور پاکستان ان پر قابو پانے کے سلسلے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
افغان حکام کا موقف رہا ہے کہ طالبان شدت پسندوں کے ٹھکانے سرحد پار پاکستانی علاقوں میں ہیں اور ان کا مطالبہ رہا ہے کہ پاکستان شدت پسندی کے خاتمے کے لیے کیے گئے اپنے وعدوں پر عمل در آمد کرے۔
پاکستان کی سرحد سے افغانستان کے صوبے کنڑ میں راکٹ فائر کیے جانا بھی ایک ایسا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے افغان حکومت نے ہمیشہ پاکستان پر تنقید کی ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان 2600 کلو میٹر طویل سرحد ہے جس کی اب تک واضح نشاندہی اور حد بندی نہیں کی جا سکی ہے۔
افغان حکومت پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں موجود طالبان گروہ حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔ دوسری طرف پاکستان کی حکومت کا افغانستان پر یہ الزام رہا ہے کہ اس نے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ کو پناہ دے رکھی ہے۔







