بھارت: مدھیہ پردیش میں کشتی غرقاب، چھ بچے ہلاک

بھارت میں کشتی پلٹنے کے واقعات عام ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبھارت میں کشتی پلٹنے کے واقعات عام ہیں

بھارت کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش کے دتيا اور گوالیار اضلاع کی سرحد پر سندھ ندی میں ایک کشتی کے ڈوب جانے سے چھ بچوں ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ چار افراد کی حالت نازک بتائي جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ اتوار کو رات گئے پیش آیا اور اس میں مزید اموات کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

دتيا پولیس کنٹرول روم کے انچارج ایم کے دویدی نے بی بی سی کو بتایا کہ اس کشتی میں مانجھي برادری کے لوگ سوار تھے۔

انہوں نے بتایا کہ دریا میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

دویدی کے مطابق دریا سے ابھی تک چھ بچوں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ پولیس کے مطابق حادثے کا شکار اس کشتی پر تقریباً 25 افراد سوار تھے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ دریا میں بہہ جانے والے لوگوں کی تلاش کے لیے امدادی عملہ جائے وقوع پر موجود ہے۔

انھوں نے بتایا کہ یہ لوگ رات گئے اپنے رشتہ داروں کے گھروں سے واپس آ رہے تھے۔

اس علاقے کے تھانہ انچارج وی ساتنكر کے مطابق: ’کشتی بہت پرانی تھی اور اس میں حد سے زیادہ لوگ سوار ہو گئے تھے جس کے سبب اس میں پانی بھرنے لگا۔ اس کے بعد کشتی ڈگمگاكر پلٹ گئی۔ حادثے کے بعد کچھ لوگ دریا تیركر باہر بھی آئے۔ لاپتہ لوگوں کی تلاش جاری ہے۔‘

مقامی صحافی ایس نیازی کے مطابق حادثے کے بعد 18 افراد لاپتہ بتائے جا رہے ہیں جس کی تلاش جاری ہے۔