اترپردیش: چیتا شہر میں، سکول کالج بند

علاقے میں لکڑی کی کئی بڑی دکانیں ہیں اور فاریسٹ رینجرز کا خیال ہے کہ چیتا وہیں کہیں چھپا ہوا ہے

،تصویر کا ذریعہHINDUSTAN TIMES

،تصویر کا کیپشنعلاقے میں لکڑی کی کئی بڑی دکانیں ہیں اور فاریسٹ رینجرز کا خیال ہے کہ چیتا وہیں کہیں چھپا ہوا ہے
    • مصنف, سہیل حلیم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی

بھارتی ریاست اترپردیش کے مغربی شہر میرٹھ میں فوج اور فاریسٹ رینجرز ایک چیتے کو قابو کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس نے اتوار کی صبح سے شہر میں خوف پھیلا رکھا ہے۔

چیتے کے شہر میں داخل ہونے کے بعد ضلع انتظامیہ نے تمام سکول اور کالج بند کرنے کا حکم دیا ہے اور اسے پکڑنے یا ہلاک کرنے میں فوج کا ایک دستہ بھی پولیس اور فاریسٹ رینجرز کی مدد کر رہا ہے۔

چیتا رات دیر گئے میرٹھ کے پوش کاروباری علاقے ابولین میں نظر آیا تھا اور مقامی صحافی انوج متل کے مطابق آس پاس کے بازار بھی بند کرا دیے گئے ہیں۔ یہ گنجان آبادی والا علاقہ میرٹھ چھاؤنی سےملحق ہے۔

موقعے پر تماشائیوں کی بھیڑ جمع ہے۔ اس علاقے میں لکڑی کی کئی بڑی دکانیں ہیں اور فاریسٹ رینجرز کا خیال ہے کہ چیتا وہیں کہیں چھپا ہوا ہے۔

اسے سب سے پہلے اتوار کی صبح ایک لکڑی کے گودام میں دیکھا گیا تھا لیکن وہ وہاں سے بھاگ کر کینٹ کے فوجی ہسپتال میں داخل ہوگیا تھا۔ چیتا اب تک کئی لوگوں کو معمولی زخمی کر چکا ہے۔

کئی سال پہلے بھی ایک مرتبہ اسی علاقے میں ایک چیتا پکڑا گیا تھا لیکن اس وقت فاریسٹ رینجرز کا خیال تھا کہ وہ دہرہ دون کے جنگلات سے میرٹھ لکڑی لانے والے کسی ٹرک میں سوار ہوکر وہاں پہنچا تھا۔

اس وقت فاریسٹ رینجر اسے بے ہوش کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

انوج متل کےمطابق کل سے کئی مرتبہ چیتے کے دھاڑنے کی آواز سنائی دی ہے اور کینٹ ہسپتال کے ایک سی سی ٹی وی کیمرے نے بھی اس کی تصویر لی ہے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ شہر میں داخل کیسے ہوا۔