آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شیخ رحیم اللہ حقانی: طالبان کے حامی سرکردہ افغان عالم مبینہ خودکش حملے میں ہلاک
افغان طالبان کے ایک ترجمان بلال کریمی نے اپنی ایک ٹویٹ میں تصدیق کی ہے کہ ’شیخ رحیم اللہ حقانی دشمن کے حملے میں‘ ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی افغان اسلامک پریس کے مطابق وہ افغان دارالحکومت کابل میں قائم ایک مدرسے میں ہونے والے خود کش حملے میں ہلاک ہوئے۔
ابھی تک کسی نے اس حملےکی ذمہ قبول نہیں کی ہے۔
ذرائع کے مطابق شیخ حقانی افغان طالبان کے زبردست حامی اور نام نہاد دولت اسلامیہ (آئی ایس) کے شدید مخالف تھے۔
وہ لڑکیوں کی تعلیم کے بھی حامی تھے اور اس سلسلے میں انھوں نے ایک فتویٰ بھی جاری کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نیوز ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مذکورہ مدرسہ رحیم اللہ حقانی کا ہی تھا اور وہ ہی اس خودکش حملے کا نشانہ تھے۔
افغان اسلام پریس کے مطابق انھوں نے نام نہاد دولت اسلامیہ کے خلاف جہاد کرنے کا فتویٰ دے رکھا تھا۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب ایک شخص نے، جس کی ایک ٹانگ پہلے سے کٹی ہوئی تھی، اپنی مصنوعی ٹانگ میں چھپے ہوئے دھماکہ خیز مواد کو اڑا دیا۔
ان کا ایک مدرسہ پشاور میں بھی ہے جہاں 2020 میں ایک خود کش حملہ کیا گیا تھا۔ پشاور میں ان پر دو حملے ہوئے تھے جن میں وہ محفوظ رہے تھے۔
بی بی سی کے سکندر کرمانی کو رواں برس کے آغاز میں دیے گئے ایک انٹرویو میں شیخ رحیم اللہ نے کہا تھا کہ افغانستان کی خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم حاصل کرنے تک رسائی ضروری ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’شریعت میں یہ کہنے کا کوئی جواز نہیں ہے کہ کہا جائے کہ لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے کا حق نہیں ہے۔ ایسا کہنے کا بالکل بھی کوئی جواز نہیں ہے۔‘
اس انٹرویو میں انھوں نے مزید کہا تھا کہ ’تمام مذہبی کتب میں کہا گیا ہے کہ خواتین کو تعلیم کی اجازت ہے بلکہ یہ فرض ہے کیونکہ مثال کے طور پر اگر پاکستان اور افغانستان جیسے معاشروں میں کوئی خاتون بیمار پڑ جاتی ہے اور اسے علاج کی ضرورت پڑتی ہے تو یہ بہتر ہو گا کہ اس کا علاج کوئی خاتون ہے کرے۔‘