کابل میں نیٹو کے قافلے پر حملہ، آٹھ افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نیٹو کی سربراہی والے ایک قافلے پر بظاہر خود کش حملہ ہوا ہے جس میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
شعبۂ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور 25 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حملے میں نیٹو کی بکتر بند گاڑیوں کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا ہے جسے فوجیوں کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ابھی تک اس بات کی اطلاعات نہیں ملیں کہ آيا اس حملے میں کوئی غیرملکی فوجی بھی ہلاک ہوا ہے۔
یہ دھماکہ امریکی سفارت خانے سے تھوڑے ہی فاصلے پر شہر کے ایک بھیڑ والے علاقے میں ہوا۔
حملے میں نیٹو کی ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ وہاں سے گزرنے والی بہت سی دوسری کاریں بھی دھماکے کی زد میں آئی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ حملہ طالبان کی جانب سے دی جانے والی دھمکی کے بعد ہوا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وہ غیر ملکی افواج کو موسم بہار کے اپنے حملوں میں نشانہ بنائيں گے۔
طالبان کی جانب سے ان کارروائیوں کو گذشتہ برس امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے والے طالبان رہنما ملا منصوری کی نسبت سے'آپریشن منصوری' کا نام دیا گیا ہے۔
اس سے قبل گذشتہ ماہ افغانستان کے شمالی صوبے بلخ میں افغان فوجی اڈے پر ہونے والے ایک حملے میں 130 سے زائد فوجی مارے گئے تھے اور حکام کے مطابق طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔








