|
بلوچستان: 3 فوجی،12قبائلی ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ کے شمال مشرق میں بارہ قبائلیوں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تاہم اس بارے متضاد دعوے کیے جارہے ہیں کہ یہ ہلاکتیں کس طرح ہوئیں۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق گاؤں لوپ سہرانی سے بتایا جارہا ہے۔ ڈیرہ بگٹی کے انتظامی افسر عبدالصمد لاسی کا دعویٰ ہے کہ ہلاکتیں فرنٹیئر کور اور شر پسندوں کے اہلکاروں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں ہوئیں۔ پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں ایک اعلیٰ سرکاری اہلکار کا کہنا ہے کہ بدھ کی صبح پیر کوہ کے قریب فرنٹیئر کور کی گاڑی ایک بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار موقع پر ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد ایف سی کے پتھر نالہ کیمپ سے سیکیورٹی اہلکاروں نے قریبی گاؤں لوپ سہرانی میں کارروائی کرکے بارہ افراد کو گرفتار کیا اور ان کے گھروں کو آگ لگا دی۔ بلوچستان کے انتظامی سربراہ عبدالصمد لاسی کے مطابق یہ واقعہ کوئٹہ شہر سے تقریباً چار سو کلو میٹر دور مشرق میں پیر کوٹ کے علاقے میں پیش آیا۔ ڈیرہ بگٹی میں ذرائع کے مطابق ایف سی کے زخمی اہلکاروں میں سے دو ہسپتال جا کر دم توڑ گئے جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار بارہ بگٹی افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ تاہم فرنٹیئر کور کے کمانڈر کرنل فرقان نے کہا ہے کہ نیم فوجی دستوں اور بگٹی قبائل میں فائرنگ کے تبادلے سے بارہ مسلح قبائلی ہلاک ہوئے ہیں۔ سوئی آنے والی اطلاعات کے مطابق پانچ سو کے قریب قبائلیوں نے ’بگٹی ہاؤس‘ پر سرکاری قبضے کے خلاف جلوس نکالا اور حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے مقامی پولیس نے کارروائی شروع کی تو اس پر پتھراؤ کیا گیا جس کے نتیجے میں تین اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے منگل کے روز کارروائی کر کے سوئی میں ’بگٹی ہاؤس‘ کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔ اس کارروائی میں گیارہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ان میں سے اکثر بگٹی ہاؤس کے ملازمین تھے۔ حالیہ دنوں میں ایران اور افغانستان کی سرحدوں کے ساتھ ملحقہ اس علاقے میں پاکستان فوج کی نقل و حمل میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ان علاقوں میں قوم پرستوں نے بھی اپنی کارروائیوں میں اضافہ کر دیا ہے اور وہ علاقے کے قدرتی وسائل میں زیادہ کنٹرول اور اپنے لیے زیادہ سہولیات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ | اسی بارے میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||