http://www.bbc.com/urdu/

Monday, 10 October, 2005, 16:42 GMT 21:42 PST

مظفر آباد، بیماریاں پھیلنے کا خدشہ

مظفر آباد میں ملبے میں دبی ہوئی لاشوں کی وجہ سے تعفن پھیل رہا ہے اور وبائی بیماریاں پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار ظفر عباس نے مظفرآباد سے اطلاع دی ہے کہ ملبے کے نیچے دبی ہوئی لاشوں کی وجہ سے شہر میں تعفن پھیلنا شروع ہو گیا اور صحت کے ماہرین نے خبردار کیا کہ شہر میں مہلک وبائی امراض پھیل سکتے ہیں۔

مزید برآں مظفر آباد سے خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اطلاع دی کہ مظفر آباد میں لوٹ مار شروع ہو گئی ہے۔

لوگ گری ہوئی دوکانوں سے کھانے پینے کی اشیا اور کپڑے چوری کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔

لوگوں نے سوموار کو امدادی چیزوں سے بھرے ہوئے ایک فوجی ٹرک کو لوٹ لیا۔ اس فوجی ٹرک میں کھانے کی اشیا، دوائیاں، ٹینٹ اور کمبل تھے۔

اس کے علاوہ ایک گروہ مظفر آباد میں ایک پیٹرول پمپ پر دھاوا بول دیا اور ٹھنڈے موسم میں خود کو گرم رکھنے کے لیے تیل کو چوری کر کے لے گئے۔

مظفر آباد میں لوگ حکومت سے سخت ناراض ہیں اور ان کو شکایت ہے کہ اس مشکل گھڑی میں وہ ان کی مدد نہیں کر رہی ہے۔کئی لوگوں نے سرکاری گاڑیوں پر قبضہ کرنے کی بھی کوشش کی ۔

ایک گروہ نے اندھیرا ہوتے ہوئے اے ایف پی کے فوٹو گرافر سے کیمرہ اور سیٹلائیٹ فون کھنچنے کی کوشش بھی کی۔

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق اس کے رپوٹر نے دکانداروں اور ایک گروہ کو لڑتے دیکھا۔گروہ اس کی دوکان سے کھانے پینے کی چیزیں لے جانا چاہتا تھا جبکہ دکاندار ان کو روکنے کی ناکام کوشش کر رہے تھے۔

دوکانداروں اور لوگوں کی اس لڑائی میں کئی لوگوں کو چوٹیں آئیں۔ اس موقع پر پولیس کہیں نظر نہیں آئی۔