Thursday, 10 June, 2004, 20:23 GMT 01:23 PST
ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
جنوبی وزیرستان میں بدھ کے روز ہلاک ہونے والے فرنٹیئر کور کے 9 جوانوں کی لاشیں تدفین کے لئے صوبہ سرحد کے علاقہ دیر لائی گئیں۔
اس موقعہ پر جماعت اسلامی نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور جمعہ کو تیمرگرہ میں ہڑتال کی کال دی ہے۔ طلبہ تنظیم اسلامی جمیعت طلبہ نے بھی احتجاجی جلوس کا اعلان کیا ہے۔
حکومت نے تو ابھی تک باقاعدہ طور پر بدھ کو جنوبی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں فوجیوں کے جانی نقصان کی تقدیق نہیں کی ہے۔ لیکن جب ہیلی کاپٹر کے ذریعے دیر سکاؤٹس کے نو سپاہیوں کی لاشیں ان کی آبائی علاقے پہنچائی گئی تو یہ نقصان ثابت ہوگیا۔
یہ سپاہی شکئی کے قریب جھڑپ میں ہلاک ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق ان میں سے ایک سپاہی جاوید کا تعلق کوٹی گرام لوئر دیر سے تھا جبکہ سات کا تعلق چکدرہ سے تھا۔