http://www.bbc.com/urdu/

ایم کیو ایم: نئے وزراء نامزد

پاکستان میں مرکز اور صوبۂ سندھ میں حکومت کی حلیف جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے مرکزی اور صوبائی سطح پر بعض وزراء کو تبدیل کر دیا ہے۔

اس بات کا اعلان ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی پاکستان کے انچارج انور عالم نے کراچی میں جنرل ورکز کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات سینیٹر احمد علی نے استعفی دیدیا ہے اور ان کی جگہ متحدہ کی جانب سے سینیٹر بابر غوری کو وزارت مواصلات کے قلمدان کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔

اسی طرح صوبۂ سندھ کی سطح پر بھی تین تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نعیم اشتیاق سے کھیل کا قلمدان واپس لے کر صوبائی وزیر صحت نامزد کیا گیا ہے جبکہ مشیر صحت نعمان سہگل مستعفی ہوگئے ہیں۔

قمر منصور کو نیا وزیر کھیل و سیاحت نامزد کیا گیا ہے۔ جبکہ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عبدالرؤف صدیقی کی جگہ شاکر علی کو اس وزارت کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ تین ارکین قومی اسمبلی کے استعفے بھی منظور کر لیے گئے۔ ان میں عزیز اللہ بروہی، ایس اے خان اور سید سرکار الدین شامل ہیں۔

کراچی میں بی بی سی کے نامہ نگار ادریس بختیار کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان تبدیلیوں کا اعلان اتوار کی شام کیا گیا تاہم یہ بات کئی دن سے کہی جا رہی تھی کہ متحدہ بعض وزارتوں میں تبدیلی کرنے والی ہے۔

ادریس بختیار کا کہنا تھا کہ متحدہ کے بیان کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد زیادہ سے زیادہ عوامی بہبود کو یقینی بنانا ہے۔