http://www.bbc.com/urdu/

نسیم حسن شاہ: درخواست مسترد

لاہور ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان نسیم حسن شاہ پر مقدمہ قتل دائر کرنے کے بارے میں ایک آئینی درخواست آج پہلی سماعت پر ہی مسترد کردی۔

لاہور میں پیپلز لائیرز فورم کے ایک وکیل حنیف طاہر نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ جسٹس نسیم حسن شاہ کے خلاف سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔

نسیم حسن شاہ بھٹو کو پھانسی کی سزا سنانے والے ججوں میں شامل تھے۔ آئینی درخواست میں درخواست گزار نے جسٹس نسیم حسن شاہ کے حالیہ انٹرویو کو بنیاد بنایا تھا جس میں نسیم حسن شاہ نے کہا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے مقدمے میں ججوں پر دباؤ تھا جس کے تحت انہیں پھانسی کی سزا دی گئی۔

لاہور ہائی کورٹ کا ڈویژنل بینچ جسٹس عبدالرشید اور جسٹس بلال خان پر مشتمل تھا۔

آج سماعت کے دروان میں بینچ نے درخواست گزار کے دلائل کے دوران میں کہا کہ انہوں نے جسٹس نسیم حسن شاہ کے انٹریوں کے حوالے سے جو ثبوت پیش کیے ہیں وہ قابل پذیرائی نہیں ہیں۔

عدالت عالیہ نے دوران سماعت یہ بھی کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے قتل کے مقدمہ میں سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے جسے ابھی تک تبدیل نہیں کیا گیا۔

ہائی کورٹ نے ابھی اپنے فیصلہ تحریری صورت میں جاری نہیں کیا ہے۔