کوئٹہ میں فائرنگ سے ایک لیویز اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہEPA
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں لیویز فورس کا ایک اہلکار ہلاک ہوا۔
لیویز فورس کے اہلکار پر حملے کا واقعہ سریاب کے علاقے کیچی بیگ میں پیش آیا۔
کوئٹہ پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس علاقے میں لیویز فورس کا اہلکار محمد عارف ایک میڈیکل اسٹور کے باہر کھڑے تھے جب موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد وہاں آئے اور انھوں نے لیویز اہلکار پر فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں لیویز فورس کا اہلکار شدید زخمی ہو ا ور ہسپتال پہنچنے سے پہلے زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
ہلاک ہونے والے اہلکار کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔
ہسپتال کے ذرائع کے مطابق اہلکار کو سر اور سینے پر گولیاں ماری گئی تھیں۔
لیویز فورس کے اہلکار کی ہلاکت کا مقدمہ کیچی بیگ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا اور تاحال فورس کے اہلکار کو ہلاک کرنے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔
سریاب کے علاقے میں پانچ روز کے دوران سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے پولیس کے ایک سب انسپیکٹر کو ہلاک کیا تھا۔
سریاب کا شمار کوئٹہ شہر کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں بد امنی کے واقعات زیادہ رونما ہورہے ہیں تاہم سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ماضی کی نسبت حالات میں بہتری آئی ہے







