عمران خان اور ریحام خان کے درمیان طلاق کا فیصلہ

،تصویر کا ذریعہIMRAN KHAN OFFICIAL
- مصنف, حمیرا کنول
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ریحام خان نے طلاق کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ عمران خان نے درخواست کی ہے کہ ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔
عمران خان نے تین ٹویٹس میں کہا ہے: ’یہ میرے، ریحام اور ہمارے خاندانوں کے لیے دکھ کا مرحلہ ہے۔ میں سب کو ہماری پرائیویسی کے احترام کی درخواست کرتا ہوں۔ میرے دل میں ریحام اور ان کے اخلاق اور کردار کی اور اس عزم کی بہت زیادہ عزت ہے کہ وہ غیر مراعات یافتہ طبقوں کی مدد کرنا چاہتی ہیں۔‘
دوسری جانب ریحام خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہم نے اپنے راستے جدا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور طلاق کے لیے رجوع کیا ہے۔‘
پی ٹی آئی کے دفتر میں موجود ایک اہلکار نے بتایا کہ ریحام خان گذشتہ روز ہی عمران خان کا گھر چھوڑ کر چلی گئی تھیں۔
عمران خان اور ریحام خان کی شادی رواں سال جنوری میں ہوئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
دونوں کے درمیان طلاق ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب عمران خان بلدیاتی انتخابات اور خیبر پختونخوا کے زلزلے کے لیے مختلف علاقوں کے دورے کر رہے ہیں۔
مقامی میڈیا پر ایک بڑا سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ اس علیحدگی سے عمران خان کی سیاست پر کیا اثرات پڑیں گے۔
عمران خان کی اپنی اہلیہ سے علیحدگی کے بعد حکمراں جماعت کی جانب سے جاری تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پارٹی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ عمران خان کی ذاتی زندگی اور خاندان پر کسی بھی تبصرے سے پرہیز کریں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عمران خان نے رواں سال اگست میں کہا تھا کہ ’پی ٹی آئی ہر قسم کی موروثی سیاست کے خلاف ہے۔ ریحام پارٹی میں کوئی عہدہ نہیں لیں گی، خیبر پختونخوا میں کوئی عہدہ نہیں لیں گی اور انھیں کوئی سرکاری پروٹوکول بھی نہیں دیا جائے گا۔ ریحام پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر انتخابات بھی نہیں لڑیں گی۔‘







