این جی اوز کو پاکستان میں چھ ماہ کام کرنےکی اجازت

وزارت داخلہ نے بارہ جون کو سیو دی چلڈرن نامی امریکی فلاحی ادارے کو پاکستان میں اپنا کام بند کرنے  کا حکم دیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنوزارت داخلہ نے بارہ جون کو سیو دی چلڈرن نامی امریکی فلاحی ادارے کو پاکستان میں اپنا کام بند کرنے کا حکم دیا تھا
    • مصنف, آصف فاروقی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان میں کام کرنے والی بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کو چھ ماہ کے لیے پاکستان میں کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق یہ تنظیمیں اپنی سرگرمیاں صرف انہی علاقوں تک محدود رکھنے کی پابند ہوں گی جہاں کام کرنے کے لیے انہیں مجاز حکام نے اجازت دے رکھی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے یہ حکم آج بین الاقومی غیر سرکاری تنظیموں کے بارے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں سیو دی چلڈرن نامی تنظیم کا ذکر نہیں ہے تاہم اجلاس کی کارروائی سے باخبر بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اس حکم کے بعد اس امریکی تنظیم کو بھی پاکستان میں کام کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔

واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے بارہ جون کو سیو دی چلڈرن نامی امریکی فلاحی ادارے کو پاکستان میں اپنا کام بند کرنے اور اس کے غیر ملکی عملے کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیا تھا۔

پاکستانی حکومت کے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے امریکی انتظامیہ نے کہا تھا کہ بچوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والے اس ادارے پر پابندی لگا کر پاکستان اپنا نقصان کر رہا ہے۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ ملک میں کام کرنے والی تمام بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیمیں حکومت پاکستان کے ساتھ از سر نو رجسٹریشن کروائیں گی۔ اس کام کے لیے ان تنظیموں کو تین ماہ کا عرصہ دیا گیا ہے۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ وزیر اعظم کے مشیر طارق فاطمی کی زیر صدارت بننے والی کمیٹی ان غیر ملکی تنظیموں کے لیے نئے ضابطے مرتب کرے گی اور اس مقصد کے لیے نئی قانون سازی بھی تجویز کرے گی تاکہ ان تنظیموں کے کام پر نظر رکھی جا سکے اور انہیں قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کا پابند بنایا جا سکے۔

وزیر اعظم کے دفتر میں ہونے والے اس اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور خارجہ امور پر وزیر اعظم کے مشیر طارق فاطمی کے علاوہ سینئر سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی۔