پاکستانی کوہ پیما رجب شاہ کا انتقال
8000 میٹر کی بلندی پر موجود پانچ پاکستانی چوٹیوں کو سر کرنے کا اعزاز حاصل کرنے والے پاکستانی کوہ پیما رجب شاہ انتقال کر گئے ہیں۔
الپائن کلپ پاکستان کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے تحریری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کوہ پیما رجب شاہ مختصر علالت کے بعد گلگت کے سی ایم ایچ ہسپتال میں وفات پا گئے ہیں۔ان کی نمازِ جنازہ آج ہنزہ کے علاقے گوجال کے گاؤں شمشال میں ادا کی جائے گی۔
63 سالہ رجب شاہ گلگت بلتستان کے علاقے ہنزہ شمشال نامی گاؤں کے مکین تھے۔
شاندار کامیابیاں
1987 میں رجب شاہ فرانسیسی کوہ پیماؤں کے ہمراہ میں کے ٹو کی چوٹی پر پہنچے اور یہیں سے ان کے کرئیر کا آغاز ہوا۔
1988 میں وہ اٹلی کے کوہ پیماؤں کے ہمراہ بروڈ پیک جسے K3 بھی کہا جاتا ہے کو سر کیا۔
1989 میں انھیں ایک بڑی کامیابی ملی جب وہ فوج کی ایک مہم کے ہمراہ 8125 میٹر بلندی پر واقع نانگاہ پربت کو سر کرنے میں کامیاب ہوئے۔
1990 میں رجب شاہ جاپانی کوہ پیماؤں کی ٹیم کے ہمراہ 8068 میٹر بلند گاشربرم ون نامی چوٹی کو سر کرنے میں کامیاب ہوئے۔
1995 میں رجب شاہ اپنے ساتھی مہربان شاہ کے ہمراہ کے ٹو کو سر کرنے میں کامیاب ہوئے۔ یہ پاکستان کی ولندیزی کوہ پیماؤں کے مشن کے ہمراہ حاصل کی جانے والی کامیابی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
1998 میں وہ 8035 میٹر بلندی پر واقع گاشربرم ٹو کو سرکرنے میں کامیاب ہوئے۔
الپائن کلب کی درخواست پر حکومتِ پاکستان نے رجب شاہ کو پرائڈ آف پرفارمنس کے اعزاز سے نوازا تھا۔
رجب شاہ کو ایک ملنسار اور محبت کرنے والے شخص کے طور پر جانا جاتا تھا وہ گلگت بلتستان ہی نہیں بلکہ اپنے شعبے میں ملک بھر میں معروف تھے۔
انھوں نے پاکستان الپائن کلب کی ایک شاخ اپنے آبائی علاقے شمشال میں بھی کھولی تھی جہاں وہ بچوں اور نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو کوہ پیمائی کی تربیت دیتے تھے۔ اور آج ان کا کلب پورے ہنمہ میں کوہ پیمائی کی تربیت کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔
ان کے شاگردوں میں قدرت علی شاہ، شاہین بیگ، ثمینہ بیگ اور مہربان شاہ جیسے کامیاب پاکستانی کوہ پیما شامل ہیں۔
.







