’بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے فوج تیار‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, ایوب ترین
- عہدہ, بی بی سی اردوڈاٹ کام، اسلام آباد
وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستانی افواج ہرقسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔
یہ بات انھوں نے بدھ کو سپیکر ملک ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اس وقت کہی جب قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیوں اور فائرنگ کی مذمت کی۔
سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے (ایل اوسی) کی خلاف ورزی کے باوجود مفاہمت کا رویہ اپنا رکھا ہے اور چاہتے ہیں کہ سفارتی سطح پر لائن آف کنٹرول سمیت تمام دوطرفہ مسائل کومذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوششوں کو ہرگز پاکستان کی دفاعی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ’پاکستانی فوج ہر وقت ملک کے دفاع کے لیے تیار ہے اورکسی بھی جارحیت کی صورت میں بھارت کو بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔‘
وزیر اعظم کے مشیر نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر کشیدگی ختم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے تاکہ خطے کوامن کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔
قومی اسمبلی نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی جانب سے فائرنگ کے خلاف ایک متفقہ قرارداد بھی منظور کی۔
قرارداد میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزی کی شدید مذمت کی گئی۔ ’30 ستمبر سے جاری فائرنگ کے مختلف واقعات میں اب تک 14 پاکستانی شہری ہلاک اور65 زخمی ہوچکے ہیں۔‘
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت فوری طور پر بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے فوری طور پر خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کردیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس موقعے پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کےلیے مختلف ممالک کو وفود بھیجے جارہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ برصغیر میں پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خطے میں قیام امن کے لیے زیادہ اور موثرانداز میں کوششیں کریں۔







