ہم سے ماضی میں غلطیاں ہوئیں، معافی دے دیں: بلاول

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہمیں اندازہ ہے کہ پیپلزپارٹی سےماضی میں غلطیاں ہوئی ہیں جس کے لیے وہ اپنے ہمدردوں سے انفرادی طور پر معافی مانگتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بات ایک بیان میں کہی جو انٹرنیٹ پر جاری کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ ہمارے ہمدرد مایوس ہیں تو ان سے انفرادی طور پر معافی مانگتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پیپلزپارٹی کے ہمدرد کسی اور جماعت میں شامل ہونے کا سوچ رہے ہیں تو سوچ سمجھ کرفیصلہ کریں۔
یہ بیان ایک ایسے موقع پر آیا ہے کہ جب گذشتہ انتخابات میں ایک نئی سیاسی قوت بن پر ابھرنے والی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف نے کراچی اور لاہور میں بڑے سیاسی جلسے کیے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ پیپلزپارٹی سے ماضی میں کئی غلطیاں ہوئی ہیں تاہم پیپلزپارٹی دوبارہ کارکنوں کا بھروسہ حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے اور پارٹی کے اندر احتجاج کو خوش آئند سمجھتی ہے لیکن ہمدرد کسی ایسی غیر جمہوری جماعت کے ساتھ تعاون نہ کریں جو انتہا پسندی کی حمایت کرتی ہیں۔
بلاول نے کہا کہ اگر ہمدرد پیپلز پارٹی سے مایوس ہیں تو احتجاج کے اور بھی راستے ہیں لیکن ہماری خامیوں کی سزا پاکستان اورجمہوریت کونہ دیں۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان میں دائیں بازو کی حامی، ڈکٹیٹرشپ اور ٹی ٹی پی کے لیے ہمدردی رکھنے والی کئی جماعتیں ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری ان دنوں اپنی جماعت کی تنظیموں سے مل رہے ہیں اور انہوں نے حال ہی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا جس دوران انہوں نے مختلف علاقوں میں اپنی جماعت کی تنظیموں سے ملاقاتیں بھی کیں۔







