کوئٹہ: فائرنگ میں چار سیاسی کارکن ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں دو مختلف واقعات میں سیاسی جماعت کے چار کارکن ہلاک جبکہ فرنٹیئر کور کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
بلوچستان کے علاقے پشتون آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر سیاسی جماعت کے چار کارکنوں کو ہلاک کر دیا۔
پشتون آباد پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ محمود آباد کے علاقے میں نمازِ جمعہ کے بعد نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والوں میں باپ، بیٹا اور پوتا شامل ہیں۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی نصر اللہ زیرے نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق ان کی پارٹی سے تھا۔ انھوں نے اسے دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا۔
دوسری جانب کوئٹہ میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں فرنٹیئر کور کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ بم دھماکا کوئٹہ کے نواحی علاقے مستونگ روڈ پر ہوا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس کے مطابق شیخ زید ہسپتال کے قریب نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔ دھماکہ خیز مواد اس وقت پھٹا جب فرنٹیئر کور کی گاڑیاں وہاں سے گزر رہی تھیں۔
دھماکے سے ایک اہلکار زخمی ہوا جسے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔







