پاکستان بھارت بھائی بھائی لیکن دوستی ابھی دور ہے

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, اینڈریو نارتھ
- عہدہ, بی بی سی، جنوبی ایشیا
پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں ایک نئے موڑ کا آغاز مصافحے سے ہوا جس کے بعد نریندر مودی نے نواز شریف کی ماں کے لیے شال اور اس کے جواب میں مودی کی ماں کے لیے نواز شریف نے ساڑی تحفتاً بھیجی۔
اس کے بعد دونوں وزرا اعظم کے درمیان سوشل میڈیا پر اور روایتی خط و کتابت کے ذریعے تبادلۂ خیال ہوا۔
ایک بھارتی اخبار نے سوال اٹھایا کہ کیا ’ماں کے لیے محبت‘ کی وجہ سے دونوں حریف پڑوسی ممالک کے درمیان نئے رشتے استوار ہو رہے ہیں؟
بھارت کے نئے وزیرِ اعظم کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے ہی بعض لوگوں نے تبصرہ کیا کہ ہندو قوم پرست ہونے کی وجہ سے نریندر مودی پاکستان کے ساتھ سمجھوتہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
لیکن نواز شریف کی طرف سے نریندر مودی کی تقریبِ حلف برداری میں دعوت پر شرکت کے ایک مہینے بعد ان دونوں کی ماؤں کو بہت کام کرنا ہوگا۔
دنوں طرفین کا کہنا ہے کہ ان کے سفارت کار بات چیت کر رہے ہیں، لیکن سیکریٹری خارجہ کی سطح پر اب تک مذاکرات شروع نہیں ہو سکے جس پر دنوں ممالک کے وزرائے اعظم نے اتفاق کیا تھا۔
رمضان شروع ہونے والا ہے جس کی وجہ سے تعلقات میں مزید پیش رفت میں تاخیر ہوگی۔
ایک پرامید پاکستانی اخبار نے خبر دی تھی کہ اسلام آباد اور دہلی کے درمیان پسِ پردہ بات چیت کو بحال کیا جا رہا ہے لیکن اس خبر کو دنوں طرفین نے مسترد کر دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ بات خارج از امکان نہیں ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان پسِ پردہ مذاکرات ہو رہے ہوں۔ سرکاری پوزیشن جو بھی ہو، اس میں کوئی شک نہیں کہ دونوں طرفین اچھے تعلقات کو استوار کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
جب دہلی کے پریس کلب نے اسلام آباد سے باورچی بلا کر پاکستانی کھانوں اور موسیقی کا اہتمام کیا تو سرخ مرچوں سے گرل پر تیار کردہ گوشت جلد ختم ہو گیا کیونکہ صحافی اپنی فیملیوں کے ساتھ آئے ہوئے تھے اور وہ کھانے ساتھ لے جانے کے لیے ٹِفن بھی لے کر آئے تھے۔
شاید اسی اچھی خوراک کی وجہ سے گذشتہ ہفتے تھائی لینڈ میں ملاقات کے موقعے پر بھارتی اور پاکستانی حکام کے درمیان غیر رسمی بات چیت ہوئی۔ لیکن ان کی طرف سے جاری بیان سے کوئی پیش رفت دکھائی نہیں دی۔
دہلی میں خیال کیا جاتا ہے کہ کسی قسم کی نئی بات چیت کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ایک ترجمان کے مطابق ’پہلے سے روڈ میپ یا طریقۂ کار موجود ہے جس پر ہم نے دو سال پہلے اتفاق کیا تھا،‘ اور جس میں معاشی تعلقات بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔
بھارتی اہلکار نے کہا کہ اب اس کا دار و مدار پاکستان پر ہے کہ وہ واہگہ کی سرحد سے سامان کی ترسیل کی اجازت دے کر تعلقات میں بہتری کے لیے قدم اٹھائے جس کے جواب میں بھارت اسی قسم کا قدم اٹھائے گا۔
اسلام آباد میں رائے منقسم ہے لیکن پاکستان کی وزارتِ خارجہ چیزوں کو امید کی چمک دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایک پاکستانی اہلکار نے کہا کہ ’ہم واہگہ سرحد کے ذریعے سامان کی ترسیل پر غور کر رہے ہیں۔‘ لیکن انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیکریٹری خارجہ کی ملاقات ہو جائے تو یہ ’روڈ میپ‘ مذاکرات کا ایک کلیدی حصہ ہوگا۔
کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کی طاقتور ملٹری اسٹیبلشمنٹ نواز شریف کے نریندر مودی کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے خلاف تھی اور وہ اب بھی مودی کی حکومت کے بارے میں محتاط ہے۔
پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ’ابھی تک کوئی منفی چیز سامنے نہیں آئی،‘ لیکن ’ہمیں بھارت کی طرف سے جواباً مثبت قدم کی ضرورت ہے۔‘ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔‘
دنوں ممالک کے درمیان کلچر ہم آہنگی اور ہندی اور اردو زبانوں کے درمیان یکسانیت اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ پاکستان اور بھارت بھائی بھائی ہیں لیکن ان بھائیوں کے درمیان دوستی اب بھی دور دور تک دکھائی نہیں دیتی۔







