خیبر ایجنسی:نیٹو کنٹینر پر حملہ، دو ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں نامعلوم افراد نے افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کو سامان کی ترسیل کرنے والے ایک کنٹینر پر حملہ کیا ہے جس میں دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا جبکہ کنٹینر کو آگ لگ گئی ہے۔
یہ واقعہ پیر کی صبح تحصیل جمرود کے علاقے وزیر ڈنڈ میں پیش آیا ہے۔
پولیٹکل انتظامیہ کے حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے کنٹینر پر فائرنگ کی جس سے تین افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے دو بعد میں دم توڑ گئے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حملہ آور اس واردات کے بعد موقعے سے فرار ہوگئے۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ حملہ آوروں نے کنٹینر کو آگ لگائی ہے جبکہ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ فائرنگ سے بھڑک اٹھی۔
تحصیل جمرود میں ہی چند روز پہلے نیٹو افواج کو سامان فراہم کرنے والے دو کنٹینروں پر حملہ کیا گیا تھا۔ اس حملے میں ایک ڈرائیور اور ایک کلینر زخمی ہوگئے تھے۔
حملے کے بعد موقع پر موجود مقامی پولیس (خاصہ دار) فورس نے جوابی کارروائی کی جس سے حملہ آور فرار ہو گئے۔
افغانستان میں تعینات امریکی اور نیٹو افواج کو سامان کی ترسیل ایک اہم راستہ خیبر ایجنسی ہے جہاں اکثر نیٹو کے کنٹینروں اور ٹینکروں پر حملے کیے جاتے ہیں۔ خیبر ایجنسی کے علاوہ بلوچستان میں چمن کے راستے بھی افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کو سامان کی ترسیل کی جاتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیبر ایجنسی میں کچھ عرصے سے حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ چند سالوں میں خیبر ایجنسی کے مختلف مقامات پر شدت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشنز کیے گئے جس سے بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔ اس وقت بھی نوشہرہ کے قریب جلوزئی کیمپ میں سب سے زیادہ متاثرہ افراد کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے جبکہ بیشتر متاثرہ افراد اپنے طور پر یا رشتہ داروں کے ہاں مقیم ہیں۔







